نئی دہلی، 6 جون:۔ (ایجنسی) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔ عید الاضحی کی نماز کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ہوئے، فلسطینیوں سمیت پوری امت مسلمہ کی خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ سعودی قیادت کو عید کے موقع پر متعدد اسلامی ملکوں کے رہنماوں کی جانب سے مبارکباد دی جارہی ہے۔ ادھر مقبوضہ فلسطین میں پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود مسلمانوں کی بڑی تعداد عید کی نماز کے لیے مسجد اقصیٰ امڈ آئی، اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ دریں اثنا، انڈونیشیا، ملائیشیا، مصر سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ منائی گئی اور اس موقع پر بھرپور روایتی جوش وخروش دیکھا گیا۔ یورپی ممالک، برطانیہ، امریکا، کینیڈا، فرانس، آسٹریلیا اور فلپائن میں بھی عیدالاضحیٰ کے رنگ چھائے ہوئے ہیں جہاں مسلم کمیونٹی نے مذہبی جذبے کے ساتھ سنت ابراہیمی کی پیروی کی۔ دوسری جانب 16 لاکھ سے زائد حجاج کرام مزدلفہ میں رات گزارنے کے بعد منیٰ پہنچ کر حج کے آخری بڑے رکن ’رمی جمرات‘ کی ادائیگی میں مصروف ہیں، حجاج کرام نے رات مزدلفہ میں گزاری اور کنکریاں جمع کیں۔ حجاج کرام آج جمرات میں بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر جانوروں کی قربانی کی اور سر منڈوا کر احرام کھول دیے۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج میں شریک 16 لاکھ سے زائد عازمین نے جمعے کو طلوعِ آفتاب سے قبل منیٰ کی وادی میں تین بڑے ستونوں (جمرات) پر شیطان کو علامتی طور پر 7،7کنکریاں ماریں، جہاں روایات کے مطابق حضرت ابراہیم علیہ السلام کو شیطان نے اللہ کے حکم پر قربانی سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ کئی عازمینِ حج نے طلوعِ آفتاب سے قبل ہی اپنے خیموں سے نکل کر نسبتاً ٹھنڈے موسم میں اس فریضے کی ادائیگی کی۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.