مکہ مکرمہ، 3 جون:۔ (ایجنسی)دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان آج سے حج 2025 کے مقدس سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ ایمان سے لبریز دل، لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ قافلے حرمِ پاک کی جانب رواں دواں ہیں۔ عازمینِ حج کے چہروں پر خوشی، عقیدت اور شوق کا امتزاج نمایاں ہے۔مکہ مکرمہ اور اطراف کے علاقوں میں ان دنوں شدید گرمی کا راج ہے، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تاہم موسم کی شدت، عازمین کے جذبے کو کمزور نہیں کر سکی۔ عاشقانِ حرم شدید دھوپ اور موسم کی سختی کو رضائے الٰہی کے راستے کی آزمائش سمجھتے ہوئے صبر و استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔محکمہ صحت، سعودی حکومت اور حج مشن کی جانب سے حجاج کرام کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ حال ہی میں مکہ مکرمہ میں ایک جدید ترین اسپتال اور کئی ہیلتھ کیئر مراکز کا افتتاح کیا گیا ہے، جہاں چوبیس گھنٹے طبی سہولیات، ایمبولینس سروس، اور ہنگامی امداد کی خدمات دستیاب ہیں۔ ہسپتال جدید طبی آلات سے لیس ہے اور یہاں تجربہ کار اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں تعینات ہیں جو فوری طبی امداد کے لیے ہر وقت تیار ہیں تاکہ حاجیوں کی طبی ضروریات بروقت پوری کی جا سکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حج کے دوران ایک جدید سمارٹ ہیلتھ بریسلٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے، جو سکیورٹی حکام کو حاجیوں کی صحت کی نگرانی کرنے میں مدد دے گا۔ اس نظام کے ذریعے وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اطلاع ملتی رہے گی کہ کس جگہ حاجیوں کو کون سی طبی مشکلات درپیش ہیں، تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔سعودی وزارتِ صحت کے مطابق ہزاروں ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو حج کے دنوں میں مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ طبی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے چھتریوں کا استعمال کریں، پانی کی وافر مقدار پئیں اور زیادہ دیر دھوپ میں نہ رکیں۔حج 2025 کا یہ سفر نہ صرف جسمانی صبر کا تقاضا کرتا ہے بلکہ روحانی بلندیوں کی جانب ایک قدم ہے ، جہاں ہر قدم اللہ کی رضا اور مغفرت کی امید کے ساتھ اٹھتا ہے۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.