حضرت نے اپنی پوری زندگی مدرسہ عالیہ عربیہ کے نام وقف کر دی:مولانا نجم الدین
رانچی،گذشتہ روز(راست)جامعہ حسینیہ جامعہ نگر کڈرو رانچی جھارکھنڈ میں الحاج مولانا اختر حسین صاحب مظاہری رحمتہ اللہ علیہ مہتمم مدرسہ عالیہ عربیہ کانکے پترا ٹولی کی وفات پر مولانا نجم الدین قاسمی ناظم اعلیٰ جامعہ ہذا کی صدارت میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی علمی، سماجی، سیاسی اور فلاحی خدمات کو یاد کیا گیا، حضرت رحمتہ اللہ علیہ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے مدرسہ عالیہ عربیہ کے سابق متعلم مولوی محمد جاوید اختر مدرس جامعہ ہذا نے کہا کہ خاص طور سے جھارکھنڈ میں آپ کی بے شمار خدمات ہیں ان میں سب سے بڑا کارنامہ اور قابل توجہ بات یہ ہے کہ آپ کی حیات مبارکہ میں باطل ہمیشہ سرنگوں رہا، نیز انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ طلبہ و اساتذہ کی ضرورتوں کو پوری کرنے کی انتھک کوشش فرماتے۔ اسی طرح مولانا و مفتی نعمان مظاہری امام و خطیب جامع مسجد کڈرو و مدرس جامعہ ہذا نے اس تعزیتی نشست میں خصوصی خطاب فرماتے ہوئے حضرت کی کئی اوصاف پر روشنی ڈالی مزید انہوں نے حضرت کی یاد پر غمزدہ لوگوں کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ ہم سب کو بھی اس دنیا کو خیر باد کہہ کر جانا ہے۔
اس موقع پر حضرت کے شاگرد خاص مولانا ایوب مظاہری مدرس جامعہ ہذا نے بھی آپ رحمتہ اللہ علیہ کی متعدد خوبیوں کو بیان فرماتے ہوئے کہا کہ آپ کریمانہ اخلاق، اعلٰی کردار اور روشن ضمیر انسان تھے، آپ حسین زندگی کا ایک منظر اور گوہر نایاب تھے، اور کئی مدارس و مکاتب کے سرپرست بھی تھے، آپ کے سایہ تلے ہزاروں طلباء واساتذہ نے زندگی گزارنے کا سلیقہ سیکھا ہے۔ اس موقع پر جامعہ ہذا کے ناظم اعلٰی مولانا نجم الدین قاسمی نے حضرت کے کئی سبق آموز واقعات کا تذکرہ کیا، مزید انہوں نے کہا کہ حضرت نے اپنی پوری زندگی مدرسہ عالیہ عربیہ کے نام وقف کر دی، مدرسہ ہی آپ کی زندگی تھی، آپ طلبہ سے بے انتہاء شفقت و محبت فرماتے، ان کی زندگی ہمارے لیے نمونہ کی حیثیت رکھتی ہے، ہمیں اکابر و اسلاف کی زندگیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ مجلس کا آغاز جامعہ ہذا کے ہی ایک طالب علم عزیزم محمد توحید سلمہ کی تلاوت سے ہوا، اور مخدوم گرامی حضرت ناظم صاحب کی دعائے مستجاب پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اس مجلس میں جامعہ حسینیہ جامعہ نگر کڈرو کے تمام طلبہ، اساتذہ و اراکین جامعہ خصوصا علیم الدین سکریٹری جامعہ ہذا،ومتحرک و فعال شخصیت حافظ منیر احمد ، مولانا ایوب مظاہری، مفتی نعمان مظاہری، مولانا آصف قاسمی، مولوی محمد جاوید اختر مظاہری، قاری ندیم، قاری لقمان، قاری جسیم ، مولانا حامد مظاہری نے شرکت فرمائی، اور سبھوں نے آپ رحمتہ اللہ علیہ کے لئےایصال ثواب کے ساتھ ترقی درجات کی دعا فرمائی۔



