ملک ارجن کھڑگے،راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے ملک کے لئے ان کی خدمات کو یاد کیا
نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی): ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 61 ویں برسی کے موقع پر منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کے لئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں مسٹر مودی نے لکھا، ’’ہمارے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت۔‘‘محترمہ سونیا گاندھی نے آج صبح پنڈت جواہر لال نہرو کی یادگار 'شانتی ون،کا دورہ کیا اور سابق وزیر اعظم کی سمادھی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران پنڈت نہرو کی یاد میں شانتی ون میں پروگرام منعقد کیا گیا جس میں محترمہ سونیا گاندھی نے بھی شرکت کی۔
اس پروگرام میں کانگریس کے متعدد دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور جامع ہندوستان کے خواب کے ساتھ پنڈت نہرو نے اپنی دور اندیش قیادت سے آزاد ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھی۔ سماجی انصاف، تجدیدکاری، تعلیم، آئین اور جمہوریت کے قیام میں ان کا کردار انمول ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جواہر لال نہرو کی میراث اور ان کے نظریات سے ہمیشہ ہمیں رہنمائی ملتی رہے گی۔‘‘مسٹر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ 21ویں صدی کے ہندوستان کا تصور پنڈت نہرو کے کردار کے بغیر نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو جدید ہندوستان کے معمار تھے، جنہوں نے ہندوستان کو صفر سے عروج تک پہنچایا، جمہوریت کے نڈر محافظ، ہندوستان کو سائنسی، اقتصادی، صنعتی اور دیگر مختلف شعبوں میں ترقی پذیر ملک بنانے والے رہنما ، جنہوں نے ملک کو مسلسل ‘تنوع میں اتحاد، پیغام دیا۔مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سپریمو محترمہ ممتا بنرجی نے بھی پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں عظیم سیاستدان اور انسان دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جدید ہندوستان کے دور اندیش معمار تھے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، “ہندوستان کے سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی برسی پر میرا قلبی خراج عقیدت۔ وہ عظیم سیاست دان، انسان دوست اور دور اندیش، جدید ہندوستان کے معمار تھے۔ ان کے خیالات جمہوریت سے محبت کرنے والوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔”پٹنہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بہار کے گورنر عارف خان اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ملک کے پہلے وزیر اعظم کی برسی پر انہيں خراج عقیدت پیش کیا۔
دونوں لیڈروں نے نہرو پارک میں واقع پنڈت نہرو کے مجسمے پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔ریاست کے آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، قانون ساز کونسلر سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، وزیر اعلی کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، بہار اسٹیٹ سٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری اروند کمار، بہار چائلڈ رائٹس پروٹیکشن کمیشن کے سابق ممبر شیو شنکر نشاد اور دیگر سیاسی اور سماجی کارکنوں نے بھی پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔بھوپال سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کے رہنماؤں نے بھی پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے ‘ایکس، پر پوسٹ میں کہا، “پنڈت جواہر لال نہرو نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ان کے سائنسی نقطہ نظر اور سوچ نے ہمارے بڑے قومی اداروں کی بنیاد رکھی، جو آج بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔”اسمبلی میں قائد حزب اختلاف امنگ سنگھار نے کہا، ’’ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم آنجہانی پنڈت جواہر لعل نہرو کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہندوستان کی آزادی سے لے کر اپنی وفات تک مضبوط، طاقتور اور ترقی یافتہ ملک کی بنیاد رکھنے میں انمول شراکت کی۔سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے سوشل میڈیا پر کہا، “ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم، بھارت رتن پنڈت جواہر لال نہرو کی برسی پر، میں ان کو دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ملک کی ترقی اور تعمیر نو کی بنیاد رکھی۔



