نئی دہلی ،14مئی (یواین آئی) : ہندوستان میں عرب لیگ کے سفیر یوسف محمد جمیل نے کہا کہ 22ممالک پر مشتمل لیگ ہندوستان کے ساتھ ہرشعبے میں تعلقات کو نہ صرف مستحکم کرناچاہتی ہے بلکہ اسے آگے وسعت دینے کی بھی خواہاں ہے ۔ہمیں امید ہے کہ عرب-ہند اشتراک فورم کے وزرا کا اجلاس جلد ازجلد طلب کیاجائے گا ۔انھوں نے کہاکہ اشتراک کا جوایجنڈا پہلی میٹنگ میں طے پایا اس کو مزید آگے بڑھایاجائے ۔اس سے پہلے 2023میں بحرین میں کونسل کے وزرا کا اجلاس منعقد ہواتھا۔ہماری یہ خواہش ہے کہ باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایاجائے اور یہ نہ صرف سیاسی امور تک محدود رہے بلکہ اقتصادی ، توانائی ،تعلیمی اور سکیورٹی کے شعبوں میں بھی اسے وسعت دی جائے تاکہ یہ دوستی اشتراک کی ایک مثال ثابت ہو۔سفیر نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان فلسطین کےمسئلے کو حل کرنے کےلیے اپنا اہم کردار اداکرے گا ۔انھوں نے ہندوستان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس عظیم ملک نے دوریاستی نظریہ کی بنیاد پر فلسطینی مسئلہ کو حل کرنے کی حمایت کی ہے ۔ہندوستان نے اس نازک گھڑی میں فلسطین کے عوام کے لیے امدادی سامان بھیجا ۔ عرب لیگ کےسفیر نے کہاکہ وہ امیدکرتے ہیں کہ ہندوستان اسرائیل کو اسکی جابرانہ حرکتوں سے باز رکھے گا تاکہ فلسطینی عوام جس دورسے گزر رہے انھیں اس سے راحت ملے ۔انھوں نے کہاکہ ہندوستان اور عرب لیگ متحدہ طورپر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔دہشت گردی اور انتہاپسندی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے ہیں اور اسے جڑسے اکھاڑپھینکنے کےلیے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔عرب لیگ نے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور کہاکہ بے قصور انسانوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف ہے ۔سفیرموصوف نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ یہ اس خطہ کے امن کے لیے اشد ضروری ہے ۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.