Saturday, December 6, 2025
ہومJharkhandغیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبے میں جھارکھنڈ کا بھارت میں آٹھواں...

غیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبے میں جھارکھنڈ کا بھارت میں آٹھواں مقام

وزیر اعلیٰ کے اسپین اور سیوڈین دورے کے بعد ریاست کی معیشت کو نئی رفتار دینے کی تیاری

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 5 مئی:۔ جھارکھنڈ صنعتی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے، جہاں عالمی سرمایہ کاری کے لیے کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔ ریاست کے صنعت سکریٹری اروہ راج کمل نے حالیہ اجلاس میں بتایا کہ جھارکھنڈ نے 2019 سے 2024 کی مدت میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبے میں بھارت میں آٹھواں مقام حاصل کیا، جو کہ ترقی کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔
صنعتی ترقی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جھارکھنڈ اب پائیدار ٹیکنالوجیز، قابل تجدید توانائی، سبز صنعتوں، ای-موبیلٹی، اور جدید فوڈ پروسیسنگ جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔ یہ شعبے ریاست کی معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔
اسپین کے ساتھ بھارت کے اقتصادی تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں، اور اسپین ان ممالک میں شامل ہے جو بھارت میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ سال 2000 سے 2024 تک اسپین نے بھارت میں 4.28 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اسپین کی مہارت قابل تجدید توانائی، دھات کاری، اور کان کنی کے اصلاحاتی نظام میں نمایاں ہے، جو جھارکھنڈ جیسے قدرتی وسائل سے بھرپور ریاست کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
جھارکھنڈ اسپین کے تجربات سے نہ صرف توانائی اور صنعت کے شعبے میں فائدہ اٹھا سکتا ہے بلکہ کھیلوں کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور جدید کاروباری مراکز قائم کرنے کے لیے بھی مشترکہ شراکت داری کو فروغ دے سکتا ہے۔ بھارت میں اس وقت 280 سے زائد ہسپانوی کمپنیاں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں، جن میں دھات کاری، آٹوموٹو، سیرامکس، اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔
بھارت اور اسپین کے درمیان 2024 میں باہمی تجارتی مالیت 8.78 بلین امریکی ڈالر تک پہنچی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.3 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور اقتصادی تعلقات کا ثبوت ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ اور سویڈن کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون بھی ریاست کے لیے نئے صنعتی مواقع پیدا کر رہا ہے۔ سویڈن کی مہارت الیکٹرک گاڑیوں، گرین اسٹیل، اور خودکار کانکنی کے شعبوں میں جھارکھنڈ کو عالمی معیار کے منصوبے اپنانے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ سویڈن کی معروف کمپنیاں جیسے ولوو، اسکینیا، اور پول اسٹار اس شعبے میں دنیا بھر میں مقبول ہیں۔
بھارت میں 300 سے زائد سویڈش کمپنیاں سرگرم عمل ہیں، جو براہ راست دو لاکھ اور بالواسطہ بائیس لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔ دفاع، آٹوموٹیو، صحت، آئی ٹی، اور انجینئرنگ جیسے اہم شعبے اس شراکت داری کا حصہ ہیں۔
جھارکھنڈ اب عالمی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے نہ صرف اپنی معیشت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے بلکہ “آتم نربھر بھارت” کے نظریے کو بھی عملی جامہ پہنا رہا ہے۔ مستقبل میں جھارکھنڈ عالمی صنعتی نقشے پر ایک مضبوط مقام حاصل کرنے کے لیے پوری تیاری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات