جدید بھارت نیوز سروس
جمشید پور، 4 مئی:۔ کدما علاقے میں چلتی کار میں آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں کار ڈرائیور کی موت ہو گئی ہے۔ اس معاملے میں ڈی ایس پی نے بتایا کہ کار میں ایک ایل پی جی سلنڈر بھی ملا ہے۔ تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ متوفی کی شناخت ہو گئی ہے۔ جمشید پور کے کڑما تھانہ علاقہ کے تحت میرین ڈرائیو پر چلتی کار میں اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں آگ نے کار کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اچانک ایک زبردست دھماکہ ہوا۔ دھماکہ گھریلو سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ دھماکے کے بعد کار مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی جبکہ ڈرائیور جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے سی سی آر کے ڈی ایس پی منوج ٹھاکر نے بتایا کہ کار نمبر کے پتے کی بنیاد پر جانچ کے دوران پتہ چلا کہ 50 سالہ کار ڈرائیور کا نام سنیل اگروال ہے جو کدما وجیا ہیریٹیج کا رہنے والا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر میں پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ سنیل اگروال ایل پی جی سلنڈر لے کر گھر سے نکلا تھا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ جیسے ہی گاڑی میں آگ لگی، کچھ ہی دیر میں دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے کے دوران گیس سلنڈر تباہ حالت میں ملا جب کہ ڈرائیور سیٹ پر بیٹھا شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کو اس کا کنکال مل گیا ہے۔ پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک فارنسک ٹیم کو بلایا گیا ہے۔ میرین ڈرائیو پر پیش آنے والا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس قسم کا واقعہ پہلے بھی ہو چکا ہے۔



