نئی دہلی، 25 اپریل (یو این آئی) وزیر داخلہ امت شاہ پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کے ہندوستانی حکومت کے فیصلے کے بعد مزید کارروائی پر جمعہ کو مرکزی وزارت جل شکتی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کر رہے ہیں۔ذرائع نے یہاں بتایا کہ میٹنگ میں آبی توانائی کے وزیر سی آر پاٹل اور متعدد متعلقہ وزارتوں کے سینئرعہدیداروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مزید کارروائی اور وسیع فریم ورک پر بات چیت کا امکان ہے۔ہندوستان نے 22 اپریل کو پہلگام میں پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ 65 سال پرانا سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا تھا۔ اس حملے میں 26 سیاحوں کو چن چن کر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔آبی وسائل کی سیکریٹری دیباشری مکھرجی نے پاکستان کے متعلقہ محکمے کے سیکریٹری سید علی مرتضیٰ کو خط بھیجا ہے جس میں انھیں ہندوستان کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ پاکستانی حکومت نے پانی روکنے کی کارروائی کو 'جنگی کارروائی سے تشبیہ دی ہے۔ہندوستان کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک پاکستان دہشت گردی پھیلا کر معاہدے کے تحت ہندوستان کے حقوق میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ اس خط میں پاکستان سے کہا گیا ہے کہ "کسی بھی معاہدے کا جوہر یہ ہے کہ اس کا نیک نیتی سے احترام کیا جائے۔ لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستان ہندوستانی مرکز کے زیر انتظام جمو ں وکشمیر علاقے کو نشانہ بنا کر سرحد پار دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے"۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.