لیما، 22 اپریل (ہ س)۔ سمرن پریت کور برار نے پیر کو انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) ورلڈ کپ کے آخری دن خواتین کے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر اپنے سینئر بین الاقوامی کیریئر کا پہلا تمغہ جیتا۔ یہ میچ پیرو کے دارالحکومت لیما میں لاس پالمس شوٹنگ رینج میں ہوا۔ہندوستانی نشانہ باز سمرن پریت نے فائنل میں 10 ریپڈ فائر شاٹس کی سیریز میں کل 33 درست نشانے لگائے۔ وہ چین کی سن یوجی سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے رہ گئیں جنہوں نے مسلسل دوسری بار ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ سن کے ہم وطن یاو کیانشن نے 29 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔اس سے پہلے دن میں تینوں ہندوستانی نشانے بازوں — دو بار کے اولمپک تمغہ جیتنے والی منو بھاکر، مکسڈ ٹیم پسٹل کی عالمی چیمپئن ایشا سنگھ اور سمرن پریت — نے فائنل میں داخل ہونے کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کوالیفائنگ میں منو بھاکر 585 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، سمرن پریت 580 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ایشا سنگھ 575 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہیں۔ ایشا اس سے قبل ارجنٹینا ورلڈ کپ میں اس ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیت چکی ہیں۔تین چینی نشانے بازوں نے بھی فائنل میں جگہ بنائی۔اس کے علاوہ جرمنی کی ڈورین وینکیمپ اور متعدد بار براعظمی چیمپئن اینڈریا پیریز پینا بھی فائنل راونڈ میں پہنچ گئیں۔فائنل میچ کی پہلی سیریز میں چینی کھلاڑیوں نے 3-2-1 سے پوزیشن پر قبضہ جمایا جبکہ ہندوستانی نشانے باز دوسری سیریز سے تال میں اترتی نظر آئیں۔ سمرن پریت نے دوسری سیریز میں 4 پوائنٹس بنائے، ایشا نے تیسری سیریز میں 5 پوائنٹس حاصل کیے۔چھٹی سیریز کے بعد، منو اور سمرن پریت نے 5-5 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ایشا نے 4 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کے بعد پہلا شوٹ آف میں منو نے ڈورین کو ہرا کر انہیںپانچویں مقام پر دھکیل دیا۔ اس وقت تک سمرن پریت 23 پوائنٹس کے ساتھ سن (25 پوائنٹس) اور یاو (22 پوائنٹس) کے درمیان آچکی تھیں۔اگلی سیریز میں منو کی قسمت نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا اور مقابلے کے اختتام تک، ٹاپ تین کھلاڑیوں کے درمیان فرق صرف ایک پوائنٹ پر رہ گیا۔اس مقابلے میں ہندوستان کا یہ چوتھا چاندی کا تمغہ تھا۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے اب تک دو گولڈ اور ایک کانسے کا تمغہ بھی حاصل کیا ہے۔



