حکومت ان کے ساتھ ہے: ممتا بنرجی
کلکتہ 22اپریل (یواین آئی) اہل اور نااہل امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بیروزگار اساتذہ پیر کی شام سے ہی ایس ایس سی دفتر کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔ منگل کو وزیر اعلیٰ نے مدنی پور کالج کے میدان میں منعقد ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں احتجاج کررہے اساتذہ سے اپیل کرتی ہوں کہ تم گرمی میں کیوں بیٹھے ہو، اسکول جاؤ، سکون سے کلاسز لو، تمہیں اپنی تنخواہ کی فکر نہیں ، جو تمہیں اکسا رہے ہیں وہ تمہیں تنخواہ نہیں دیں گے، تمہاری تنخواہ حکومت ادا کرے گی۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ریاست دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں آپ کی نوکری چلی گئی، رقم روک دی گئی، ہم نے نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے، آپ کو آپ کی تنخواہ ملے گی۔ اور جو گروپ CRD منسوخ کیا گیا تھا، ہم وکلاء سے مشاورت کے بعد ضرورت پڑنے پر اس کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔ آپ ہم پر اعتماد کر سکتے ہیں۔ جنہوں نے آپ کی نوکریاں چھینی ہے ان پر بھروسہ نہ کریں۔ممتا بنرجی نے اس فارمولے کے مخالفین کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنگال میں چند لوگ بیٹھے ہیں جوپی آئی ایل دائر کرکے لوگوں کی نوکریاں چھینتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کی تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہائی کورٹ میں ایک بار پھر کیس زیر التوا ہے۔35000ہزار افرادکی نوکریاں چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔مگر پہلے ان کے خاندان اور بچوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔اہل اور نااہل، کی فہرست کی اشاعت کا مطالبہ کرنے والے بے روزگاروں کی پوزیشن کے بارے میں وزیر اعلی نے کہاکہ میں نے کل شام سے کم از کم 10 بار ان سے بات کی ہے۔ اگر میں کلکتہ میں ہوتی تو میں اسے ایک سیکنڈ میں طے کر سکتی تھی۔کئی بے روزگار اساتذہ کا اصرار ہے کہ حکومت جلد سے جلد ‘اہل، اور ‘نااہل، افراد کی فہرست شائع کرے۔ ممتا بنرجی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ دوسروں کی باتوں پر کیوں قدم اٹھا رہے ہیں؟ آپ کو یہ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ کون اہل ہے اور کون نااہل ہے۔ یہ دیکھنے کے لیے ریاستی حکومت موجود ہے۔ ایک عدالت ہے، ہم دیکھیں گے کہ آپ کو کیا کام کرنا ہے، عدالت کہتی ہے کہ آپ کو کام کرنا ہے یا نہیں۔ تنخواہ ملتی ہے یا نہیں، ہمیں دیکھنا ہوگا۔بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ”اتر پردیش میں 69 ہزار لوگوں کی نوکریاں چلی گئی، بی جے پی کی حکومت کے دوران کسی کو بھی نوکری واپس نہیں ملی۔ میں آپ سے کہہ رہی ہوں کہ آپ انہیں واپس دلائیں گے۔ ہم عدالت گئے اور آپ کے لیے لڑیں گے۔



