بنگلورو، 21 اپریل (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم 26 اپریل سے شروع ہونے والی آئندہ پانچ میچوں کی سیریز کے لیے اتوار کی رات دیر گئے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوئی۔ہندوستانی ٹیم 26 اور 27 اپریل کو آسٹریلیا اے کے خلاف دو میچ کھیل کر دوستانہ سیریز کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد یکم، 3 اور 4 مئی کو آسٹریلیا کی سینئر ٹیم کے خلاف میچز ہوں گے، یہ تمام میچز پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔سلیمہ ٹیٹے آسٹریلیا کے دورے پر 26 رکنی ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گی جس میں تجربہ کار فارورڈ نونیت کور نائب کپتان ہوں گی۔روانگی سے قبل کپتان سلیمہ ٹیٹے نے کہا، “اس دورے پر ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ ہم نے بنگلورو کے قومی کیمپ میں سخت محنت کی ہے اور ہر کوئی اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پرجوش ہے۔ یہ دورہ ہمیں یورپ میں پرو لیگ میں جانے سے پہلے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔””



