جھارکھنڈ ایف اے نے لڑکیوں کے زمرے میں ٹائٹل جیتا
پنجاب ایف سی نے لڑکوں کے زمرے میں فائنل مقابلہ جیت لیا
گوا، 16 اپریل (ہ س)۔ ڈریم اسپورٹس چمپئن شپ فٹ بال 2025 کا شاندار فائنل میچ گوا کے مشہور رایا اسپورٹس گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ اس دلچسپ فائنل میں ملک بھر سے نوجوان فٹبال ٹیلنٹ نے اپنی طاقت دکھائی۔ جھارکھنڈ ایف اے نے لڑکیوں کے زمرے میں ٹائٹل جیتا جبکہ پنجاب ایف سی نے لڑکوں کے زمرے میں اپنا ٹائٹل برقرار رکھا۔ہندوستانی فٹ بال کے لیجنڈ سبرت پال اور بائیچنگ بھوٹیا کے ساتھ گوا کے وزیر سیاحت روہن کھاونٹے، وزیر ٹرانسپورٹ ماون گوڈینو، سابق وزیر اعلیٰ اور ایم ایل اے دگمبر کامت، آئی پی ایس ورشا شرما (ڈی آئی جی، گوا پولیس) اور گوا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کیٹانو فرنانڈس نے اس پروقار یورنا کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ مہمانوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا۔
جھارکھنڈ ایف اے نے سنسنی خیز مقابلے میں اڈیشہ کو شکست دی
لڑکیوں کے زمرے کے قومی فائنل میں جھارکھنڈ ایف اے اور اوڈیشہ ایف اے کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ جھارکھنڈ نے 20ویں منٹ میں انامیکا سانگا کے واحد گول کی بدولت 1-0 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اوڈیشہ نے برابری کی پوری کوشش کی لیکن جھارکھنڈ کے دفاع نے کپتان چاندنی کماری کی قیادت میں آخر تک برتری برقرار رکھی۔فتح کے بعد کپتان چاندنی نے کہا کہ “یہ ٹائٹل ہمارے لیے بہت خاص ہے۔ ہماری حکمت عملی گیند کو آگے رکھنے کی تھی تاکہ ہم اپنی برتری کو بچا سکیں۔ ڈریم اسپورٹس چمپئن شپ ایک زبردست ایونٹ تھا، اس پلیٹ فارم نے ہمیں ملک کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ میرا خواب ہے کہ ایک دن ہندوستان کی نمائندگی کروں، اور اس خواب میں میرا خاندان بھی میرے ساتھ ہے۔
پنجاب ایف سی نے مسلسل دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا
لڑکوں کے زمرے کے فائنل میں، پنجاب ایف سی نے موہن بگن سپر جائنٹ کو 2-0 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی۔ پنجاب کے شبھم گرونگ نے 10ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔ اس کے بعد 64ویں منٹ میں آشیش لوہار نے دوسرا گول کرکے فتح کو یقینی بنایا۔پنجاب ایف سی کے کپتان انیکیت یادیو نے کہا کہ “ہماری ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی جو کہ ہماری محنت اور اتحاد کا نتیجہ ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہمیں ناروچ سٹی ایف سی جیسی بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع بھی ملا۔ ڈریم اسپورٹس چیمپئن شپ نوجوان فٹبالرز کی نشوونما کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ ٹائٹل کا دفاع ہماری ٹیم کے جذبے کا ثبوت ہے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، بائیچنگ بھوٹیا نے کہا، “ڈریم اسپورٹس چمپئن شپ جیسے ٹورنامنٹ ہندوستانی فٹ بال کے مستقبل کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پورے ملک کے ٹیلنٹ کو ایک پلیٹ فارم پر دیکھنا اور ان میں جذبہ دیکھنا واقعی حوصلہ افزا ہے۔ یہ آنے والے وقت میں ہندوستانی فٹ بال کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔



