Saturday, December 6, 2025
ہومNationalمودی حکومت جمہوریت کو ختم کرکے سماجی عدم مساوات کو بڑھا رہی...

مودی حکومت جمہوریت کو ختم کرکے سماجی عدم مساوات کو بڑھا رہی ہے: کھڑگے

احمد آباد،9اپریل(یو این آئی): کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ ملک میں آمریت چل رہی ہے اور ملک کے اثاثے کچھ صنعت کاروں کے حوالے کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے امیر اور غریب کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے بدھ کو یہاں کانگریس اجلاس کے آخری دن ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ملک میں عام لوگوں پرظلم ہورہا ہے، اپوزیشن کو ستایا جارہا ہے، دلتوں کے داخلے کے بعد گنگا جل چھڑک کر مندروں کو پاک کیا جا رہا ہے اور جس طرح عام لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے اسے معاف نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کہتی ہیں کہ سماج کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیمی نظام کا ہے۔ اس میں تبدیلی لانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ غریب اور دلت بچے تعلیم سے محروم نہ رہیں اور اعلیٰ تعلیم کا حق حاصل کر سکیں۔ قبائلیوں کو ملک کا اصل باشندہ قراردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوگ انہیں ونواسی کہہ رہے ہیں اور ایک نیا لفظ دے کر انہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دلتوں کے خلاف مظالم کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں لیکن ان پر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ میڈیا اس کو نظر انداز کرتا ہے کیونکہ اگر ایسے واقعات دکھائے گئے تو مالکان کو جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ کانگریس کو پرجوش لوگوں کی ضرورت ہے اور ان کی مدد سے ہی کانگریس کو آگے بڑھایاجاسکتا ہے۔ کانگریس میں سبھی کو متحرک ہونا ہوگا اور پارٹی کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں کو واضح پیغام دیا کہ کانگریس میں جو لوگ ذمہ داری نہیں نبھا سکتے انہیں ریٹائر ہونا چاہئے اور جو حصہ نہیں ڈالتے انہیں آرام کرنا چاہئے۔ کانگریس صدر نے مودی حکومت کو دلت مخالف، قبائلی مخالف اور پسماندہ طبقہ مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان طبقات کی مردم شماری نہیں کرانا چاہتی، سرکاری دفاتر میں ان طبقات کے لیے نوکریاں ہیں لیکن ان کے لیے مختص عہدوں پر بھرتی نہیں کی جا رہی ہے۔ پبلک سیکٹر کی کمپنیاں سرمایہ داروں کو بیچی جا رہی ہیں اور غریبوں کے لیے روزگار کے راستے بند کرنے کی سوچی سمجھی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔کانگریس صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت فرقہ پرستی کو فروغ دیتی ہے اور پرانے مسائل کو اٹھا کر سماج کو تقسیم کرنے کا کام کرتی ہے۔ ملک میں اظہار رائے کی آزادی سلب کی جا رہی ہے، لوگوں کی لباس اور تقریر کی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔ کمزور طبقے کے لوگوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے فرقہ پرستی کو زہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سماج کو آلودہ کر رہی ہے اور اسے ختم کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سابرمتی کے کنارے منعقد ہونے والے کانگریس کے اس کنونشن کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کو انصاف کی راہ پر عزم کی لگن اور جدوجہد کرتے ہوئے ملک میں خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ کانگریس تنظیم کو اب ضلع سطح پر مضبوط کیا جائے گا اور اس کے لئے تمام ضلع صدور کو اہم ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ وہاں اپوزیشن لیڈر عوام کے خیالات پیش کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔ پارلیمنٹ صبح چار بجے تک چلتی ہے لیکن منی پور جیسے مسائل پر بحث برائے نام ہوتی ہے۔ آئین کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔مسٹر کھڑگے نے فرضی انتخابات کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ووٹنگ مشینوں میں جو بھی ووٹ ڈالا جاتا ہے وہ دوسرے کھاتوں میں جاتا ہے، اس لیے پورے نظام کو بدلا جانا چاہیے۔ بی جے پی نے جعلی ووٹنگ کے ذریعے مہاراشٹر اور ہریانہ میں حکومت بنائی ہے۔ ای وی ایم ووٹنگ ٹیکنالوجی میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔ 
Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات