چنئی، 24 مارچ (ہ س)۔ چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے اوپنر راچن رویندر نے پہلی بار چنئی میں ایم ایس دھونی کے مداحوں کا زبردست جوش محسوس کیا۔ ممبئی انڈینس کے خلاف میچ میں جب سی ایس کے کو جیت کے لیے چار رنز درکار تھے، پورا چیپاک اسٹیڈیم دھونی کے چھکے کا انتظار کر رہا تھا۔ لیکن اس بار موقع رویندر نے لے لیا اور ڈیپ مڈ وکٹ پر چھکا لگا کر ٹیم کو چار وکٹ سے جیت دلادی۔میچ کے بعد رویندر نے کہا کہ ’’جب آپ میدان میں ہوتے ہیں، تو صرف میچ جیتنے پر ہی توجہ ہوتی ہے لیکن اس ماحول کو نظر انداز کرنا مشکل تھا۔ دھونی جب میدان میں آتے ہیں تو اسٹیڈیم میں سیٹیوں اور شور کی گونج محسوس کی جا سکتی ہے۔ ان کے ساتھ کریز شیئر کرنا میرے لیے بہت خاص تھا۔‘‘
شائقین دھونی کے فنشنگ کا انتظار کر رہے تھے
راچن رویندر نے اعتراف کیا کہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین چاہتے ہیں کہ وہ دھونی کو اسٹرائیک دیں اور وہ میچ اپنے انداز میں ختم کریں۔ انہوں نے کہا، ’’ہر کوئی چاہتا تھا کہ میں انہیں اسٹرائیک دوں اور دھونی کو میچ ختم کریں ، انہوں نے سی ایس کے کے لیے بہت سے میچ فنش کیے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کریں گے، لیکن میرے لیے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنا اہم تھا۔‘‘
سی ایس کے میں بطور اوپنر موقع
ڈیون کونوے کی چوٹ کی وجہ سے رویندر کو آئی پی ایل 2024 میں اننگز اوپن کرنے کا موقع ملا۔ اس سیزن کی نیلامی میں، سی ایس کے نے رویندر کو دوبارہ اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے رائٹ ٹو میچ کارڈ کا استعمال کیا اور انہیں اوپنر کے طور پر موقع دیا۔ ان کے اس فیصلے نے حیرت انگیز طور پر کام کیا کیونکہ 156 رنوں کے تعاقب میں سی ایس کے کو فتح تک پہنچا نے کے لئے رویندر نے 45 گیندوں پر ناٹ آوٹ 65 رن بنائے ۔
رویندر نے کہا،’’کچھ دن پہلے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے مجھے بتایا کہ میں اس سیزن میں اوپننگ کروں گا، یہ میرے لیے فخر کی بات ہے، کیونکہ سی ایس کے کے پاس عظیم اوپنرز کی وراثت ہے، جس میں مائیکل ہسی، شین واٹسن، برینڈن میک کولم، فاف ڈو پلیسس، روتوراج گائیکواڈ، میتھیو ہیڈن اور ڈیوین کونوے جیسے نام شامل ہیں۔‘‘
رتوراج گائیکواڑ کے ساتھ اہم شراکت داری
رویندرا نے کپتان رتوراج گائیکواڑ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 67 رنوں کی اہم شراکت داری کرکے ٹیم کی مضبوط بنیاد رکھی۔ انہوں نے مشکل وقت میں اننگز کو مستحکم کیا اور پھر 18ویں اوور میں بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر وگنیش پوتھور پر دو چھکے لگا کر اننگز کو تیز کیا۔انہوں نے کہا،’’میں نے حال ہی میں کافی کرکٹ کھیلی ہے، خاص طور پر چیمپئنز ٹرافی میں۔ اس سے مجھے ان حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملی۔ پچھلا سیزن توقعات کے مطابق ختم نہیں ہوا لیکن میں آہستہ آہستہفارم میں واپس آ رہا ہوں۔ امید ہے کہ میں اپنے شاٹس کھیلتا رہوں گا اور ٹیم کو مزید میچ جیتنے میں مدد فراہم کروں گا۔‘‘سی ایس کے نے اس شاندار جیت کے ساتھ آئی پی ایل 2025 کی شاندار شروعات کی ہے اور شائقین کو امید ہے کہ ٹیم کی کارکردگی مستقبل میں بھی ایسی ہی رہے گی۔



