ممبئی، 18 مارچ (یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) اور بینک آف ماریشس (بی او ایم) نے باہمی لین دین میں ہندوستانی روپیہ اور ماریشین روپیہ کے استعمال کو فروغ دینے کے مقصد سے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔اس معاہدے پر آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا اور بی او ایم کے گورنر ڈاکٹر رام کرشنا سیتھانن جی سی ایس کے نے دستخط کیے۔ پورٹ لوئس، ماریشس میں مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے، جہاں وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔اس اقدام کا مقصد دو طرفہ تجارت میں مقامی کرنسیوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان کرنٹ اکاؤنٹ ٹرانزیکشنز اور کیپٹل اکاؤنٹ ٹرانزیکشنز شامل کیا گیا ہے، جن پر دونوں فریقوں نے اتفاق کیا ہے۔ یہ انتظام برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو انوائس جاری کرنے اور ان کی گھریلو کرنسیوں میں ادائیگی کرنے میں سہولت فراہم کرے گا، اس طرح ہندوستانی روپیہ اور ماریشین روپیہ کے لیے ایک مؤثر مارکیٹ تیار ہوگی۔امید ہے کہ مقامی کرنسیوں کے استعمال سے لین دین کے اخراجات کم ہوں گے اور تصفیہ کے عمل میں تیزی آئے گی۔ یہ معاہدہ آر بی آئی اور بی او ایم کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مالیاتی انضمام بھی گہرا ہوگا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔



