
ابوظہبی، 12 مارچ (یو این آئی) ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا دستر خوان سج گیا، روزانہ 35 ہزار سے زائد افراد کیلئے افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تمام افراد کو افطار اور کھانے کی سہولیات پہنچانے کے لیے روزانہ بارہ ٹن مرغی اور چھ ٹن بکرے کا گوشت پکایا جاتا ہے جن سے مزیدار طعام بنانے کیلئے تقریباً ایک ہزار اسٹاف تعینات ہے۔یہ سب مل کر حفظانِ صحت کے بین الاقوامی معیارات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کھانے کی خریداری، صفائی، پکوان کی تیاری اور دیگر امور سنبھالتے ہیں۔واضح رہے کہ ابوظہبی کی شیخ زید مسجد میں افطاری کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے۔دوسری جانب واضح رہے کہ دبئی پولیس نے رمضان المبارک کی مناسبت سے ”عقلمندی سے عطیہ دیں ”کے عنوان سے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ دبئی پولیس کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد عوام کو پیشہ ور گداگروں کے دھوکے سے بچانا اور مستحق افراد کی صحیح طریقے سے مدد کو یقینی بنانا ہے۔رپورٹس کے مطابق پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سڑکوں، مساجد اور عوامی مقامات کے قریب گھومنے والے گداگروں کی جھوٹی کہانیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔دبئی پولیس کے مطابق یہ پیشہ ور گداگر لوگوں کی ہمدردی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کے عطیات کو غلط استعمال کرتے ہیں۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عطیات صرف مستند فلاحی اداروں کو دیں اور گداگری کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔پولیس کے مطابق ذمہ داری سے عطیات دینے سے نہ صرف کمیونٹی محفوظ رہے گی بلکہ اصل مستحق افراد کو ان کا حق مل سکے گا۔
