National

برلا نے دیاندھی مارن کو خبردار کیا

48views

نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پیر کے روز دراوڈ منیترا کزاگم (ڈی ایم کے) کے رکن دیاندھی مارن کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے اسپیکر کو دھمکی دینے کی کوشش کی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وقفہ صفر کے دوران زبان کے مسئلہ پر ڈی ایم کے ارکان کی ہنگامہ آرائی کے درمیان مسٹر دیاندھی مارن کو اپنے تبصرے پر خبردار کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا، “آپ چیئر کو دھمکی دے رہے ہیں، اگر کوئی پارلیمنٹ کے دستور کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ میں نے محترمہ کنیموژی کو موقع دیا ہے، میں نے وزیر کو موقع دیا ہے”۔ ایوان میں شور شرابے کی وجہ سے مسٹر دیاندھی مارن کا تبصرہ نہیں سنا جا سکا۔ڈی ایم کے رکن کو اسپیکر کے انتباہ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ اسپیکر ہمیشہ غیر جانبداری سے کام کرتے ہیں اور زبان کے معاملے پر بھی انہوں نے غیر جانبداری سے کام کیا اور تمام پارٹیوں کو اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع دیا۔ مسٹر رجیجو نے کہا کہ مسٹر دیا ندھی مارن نے آج جو تبصرہ کیا ہے وہ افسوسناک ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔ اس معاملے میں ایوان کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے کارروائی پر غور کیا جائے گا۔قبل ازیں ڈی ایم کے رکن کنیموژی نے کہا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے زبان کے مسئلہ پر تمل ناڈو حکومت کے بارے میں جو تبصرہ کیا وہ مناسب نہیں ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت تین زبانوں کا فارمولہ تمل ناڈو کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے بھی قومی تعلیمی پالیسی پر اپنے اعتراضات درج کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام زبانوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی بات سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے تو وہ اپنے الفاظ واپس لے لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کے ایک وفد نے قومی تعلیمی پالیسی اور زبان کے مسئلہ پر ان سے ملاقات کی تھی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.