
نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے پیر کے روز کہا کہ ووٹر لسٹ پر اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے جانے والے سوالوں پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے ووٹر فہرست میں بے ضابطگیوں پر وقفہ صفر کے دوران اپوزیشن ارکان کے اعتراضات کے درمیان مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ ملک بھر میں ووٹر لسٹ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پوری اپوزیشن ووٹر لسٹ پر سوال اٹھا رہی ہے اور اعتراضات درج کروا رہی ہے۔ اس مسئلہ پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔اس سے قبل ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے کہا کہ ووٹر لسٹ کے سلسلے میں دوسری ریاستوں میں بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جیسا ہریانہ اور آسام میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد ووٹر لسٹ پرنظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ٹھیک طرح سے کام کریں تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ترنمول کانگریس کے کلیان بنرجی نے کہا کہ ناقص ووٹر لسٹ غیر قانونی ہیں اور ہمارے لیے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات اور ہریانہ کے ووٹر بنگال آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے انتخابات شفاف نہیں ہو رہے۔
