جیت کے ارادے سے اترے گی ٹیم انڈیا
ناگپور، 5 فروری (یو این آئی) ٹی -20 سیریز جیتنے کے بعد پرجوش ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ مقابلے کو جیت کر برتری حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی۔چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین میچوں کی یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔ گزشتہ سال بارباڈوس میں آئی سی سی کا خطاب جیتنے والی ہندوستانی ٹیم سے ایک بار پھر بہتر کارکردگی کی امید ہے۔ وہیں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مایوس کن شکست کے بعد انگلینڈ فارم حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ہندوستان نے 2023 ورلڈ کپ کے بعد سے صرف چھ ون ڈے کھیلے ہیں لیکن اپنی اہم ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی 50 اوور کے فارمیٹ میں فارم حاصل کرنا چاہیں گے۔ ہندوستانی ٹیم میں اسپنرز کو جگہ دی گئی۔ جبکہ زخمی جسپریت بمراہ کی جگہ ہرشت رانا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بمراہ انجری کی وجہ سے پہلے دو ون ڈے میچوں سے باہر ہوں گے، بمراہ کے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے تیز گیند بازی کی ذمہ داری ارشدیپ سنگھ اور نئی گیند سے واپسی کرنے والے محمد شامی پر ہوگی۔ہندوستان کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ دباؤ میں ٹیم کی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت پر پراعتماد ہیں۔روہت نے کہا کہ ہمیں کھلاڑیوں کی دستیابی کے بارے میں یقین نہیں ہے، اس لیے ہم ٹیم میں توازن کو یقینی بنانا چاہتے تھے۔ ہمیں نئی گیند کے ساتھ ساتھ نچلے آرڈر پر گیندبازی کرنے والے کسی شخص کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ نئی گیند کے ساتھ شامی کی کارکردگی قابل ذکر رہی ہے۔ادھر انگلینڈ کی ٹیم جو روٹ کی واپسی سے پرجوش ہے۔ روٹ انگلینڈ کے مڈل آرڈر میں ایک اہم کھلاڑی ہیں۔کپتان جوس بٹلر نے ٹیم کے لیے روٹ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ان کا واپس آنا بہت اچھا ہے۔ ون ڈے فارمیٹ مختلف ہے، لیکن کھیل ترقی کر رہا ہے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے قریب ہو رہا ہے۔ ہم اس سیریز کے لیے پرجوش ہیں۔عالمی ٹورنامنٹ چیمپیئنز ٹرافی سے قبل دونوں ٹیموں کا مقصد اپنی حکمت عملیوں کو بہتر بنانا ہے، اس لئے تین میچوں کی سیریز میں سنسنی خیز کڑی ٹکر دیکھنے کو ملے گی۔