ہزاری باغ18 جنوری (راست) المنار لائبریری، ہزاری باغ میں جھارکھنڈ کی موجودہ صورتحال اور نوجوانوں کے کردار پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا نے نوجوانوں کو خود اعتمادی، سماجی خدمت اور مثبت تبدیلی کی طرف راغب کیا اور انہیں چار اہم چیزوں پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنی چاہیے کیونکہ خود اعتمادی ہی ان کے لیے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرتی ہے۔ سیاست کا معاشرے میں ایک مقام ہے، لیکن معاشرہ اس سے بہت بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں پھیلائی جارہی نفرت غلط ہے اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے آگے آئیں۔ ڈاکٹر رضا نے آئین کے حقوق کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ملک کے شہریوں کو بھائی چارے، مساوات اور آزادی کی اقدار کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے لڑکیوں اور خواتین سے سماجی خدمت میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ معاشرے کے مختلف کاموں کے لیے نوجوانوں کو ٹیموں میں کام کرنا چاہیے۔ پروگرام کا خطبہ استقبالیہ جماعت اسلامی ہند ہزاری باغ کے صدر سید شباہت حسین نے پیش کیا جبکہ شکریہ کلمات احمد عبدالباری نے ادا کئے۔ پروگرام کی نظامت شاہد جمال نے کی۔ ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں سید عرفان اور محمد اعجاز نے اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کے دوران ڈاکٹر فاروقی، ڈاکٹر ظفر اللہ صادق، پروفیسر رضوان، مولانا نصرالدین قاسمی سمیت درجنوں نوجوان مرد و خواتین موجود تھے۔ ورکشاپ کے اختتام پر سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کا کیلنڈر بھی جاری کیا گیا۔



