West Bengal

آل انڈیا ملی کونسل کا 23واں عوامی اجلاس 10 فروری کو پارکس سرکس میدان میں منعقد ہوگا

29views

جدید بھارت نیوز سروس
کلکتہ،18؍جنوری:آل انڈیا ملی کونسل کے 23ویں سالانہ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی نشست ہوٹل آئیوری اِن، پارکس سرکس میں منعقد ہوئی۔ اس نشست میں مغربی بنگال کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے علماء، دانشوران، اور نمائندگان نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز مجلس استقبالیہ کمیٹی کی جانب سے خیرمقدمی کلمات سے ہوا، جس میں اجلاس کی اہمیت اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔نشست میں 4 فروری کو ہونے والے عوامی اجلاس کی تاریخ تبدیل کرکے 10 فروری کو منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی، جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ اس موقع پر مجلس استقبالیہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری حاجی شہود عالم نے وضاحت کی کہ ان دنوں کلکتہ میں تہواروں کی مصروفیت کے پیش نظر عوامی اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی ضروری تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ آل انڈیا ملی کونسل کی سینٹرل اور اسٹیٹ کمیٹی کی مشاورت سے کیا گیا۔مجلس استقبالیہ کمیٹی کے صدر، کونسلر امیر الدین (بابی) نے نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ، ان کے مسائل کا حل، اور امت مسلمہ کی مؤثر رہنمائی کے لیے ایک جامع اور مضبوط لائحہ عمل تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے سماجی، سیاسی، اور مذہبی مسائل کو اجاگر کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔نشست میں شریک مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کے سماجی مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ اس سلسلے میں حکومت مغربی بنگال کو ایک میمورنڈم پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مسلمانوں کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے۔آل انڈیا ملی کونسل کے صدر مولانا عبداللہ مغیثی نے کلکتہ میں منعقد ہونے والے 23ویں سالانہ اجلاس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اجلاس کی کامیابی کے لیے اپنی شرکت یقینی بنائی ہے۔نشست کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آل انڈیا ملی کونسل مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس مشاورتی نشست میں قاری فضل الرحمن، قاری محمد شفیق قاسمی، مولانا ضیاء الدین، مولانا معین الدین، حافظ عبدالرزاق، اشتیاق احمد راجو، رافع احمد صدیقی، مفتی عبدالمعید، مفتی خلیل کوثر، اور مولانا اشرف علی قاسمی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔نشست کا اختتام دعاؤں اور مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کے عزم کے ساتھ ہوا۔ 10 فروری کو پارکس سرکس میدان میں منعقد ہونے والے عوامی اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے تمام عہدیداران اور شرکاء نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.