46
جودھپور، 15 جنوری:۔ (ایجنسی) آسارام کو 12 سال بعد جودھپور جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ آسارام کو 2018 میں نابالغ شاگردہ کے ساتھ جنسی استحصال کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ منگل کی رات دیر گئے سپریم کورٹ کے حکم پر جودھپور ہائی کورٹ نے مشروط رہائی کا حکم دیا جس کے بعد اسے فوری طور پر جیل سے رہا کیا گیا۔ آسارام کی رہائی کے بعد جودھپور کے پال روڈ پر واقع اس کے آشرم میں بڑی تعداد میں موجود عقیدت مندوں نے پھولوں کی بارش کر کے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔ آشرم کے مرکزی دروازے کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور رنگولی بھی بنائی گئی۔ آسارام نے اپنے کمرے میں جانے سے قبل اپنے پیروکاروں کو ہاتھ ہلا کر اشارہ کیا۔ عدالت کی ہدایات کے مطابق تین گارڈ اس کے ساتھ نگرانی کیلئے تعینات کیے گئے ہیں۔ رہائی کے فیصلے کے بعد اسپتال کے باہر بھی پیروکاروں کا ہجوم جمع ہو گیا اور اسے پھولوں کی مالا پہنائی گئی۔ رہائی کے بعد جب وہ اپنے آشرم پہنچا تو میڈیا سے بدسلوکی کے واقعات بھی پیش آئے۔