National

بریلی میں 100 وقف ملکیتیں جانچ کی زد میں!

74views

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ایک بیان سے مچی ہلچل

لکھنؤ، 10 جنوری:۔ (ایجنسی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ دنوں بریلی ضلع کی وقف ملکیتوں سے متعلق ایک بیان دیا تھا جس نے ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اس بیان کے بعد بریلی کی تقریباً 100 وقف ملکیتوں کی چھان بین اور پیمائش کو لے کر چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ محکمہ اقلیتی فلاح کو اس سلسلے میں حکم کا انتظار ہے۔ یعنی حکم ملتے ہی متنازعہ ملکیتوں کی چھان بین شروع ہو جائے گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی وقف بورڈ کے ذریعہ حکم جاری ہوگا اور پھر اس کے بعد افسران ضلع کی وقف ملکیتوں کے دستاویزات سے ملکیتوں کی پیمائش کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے 8 جنوری کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’وقف کے نام پر زمین قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایک ایک انچ زمین واپس لی جائے گی۔‘‘ اسی معاملے میں اب وقف ملکیتوں کی جانچ کے آثار پیدا ہو گئے ہیں۔ بریلی ضلع میں وقف کی تقریباً 3171 ملکیتیں ہیں۔ بیشتر ملکیتوں کو لے کر چھوٹے بڑے تنازعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ان کی شکایتیں بھی ہوئی ہیں۔ اب نئے سرے سے جانچ ہو سکتی ہے، اور پھر ناجائز قبضوں کی چھان بین انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہوں گی۔
اس پورے معاملے میں آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی کا کہنا ہے کہ وقف کے نام پر قبضے ہوئے ہیں اور وقف ملکیتوں پر بھی ناجائز قبضے ہیں۔ مولانا رضوی کا کہنا ہے کہ ’’میں وزیر اعلیٰ کے بیان کو درست مانتا ہوں۔ یہ بھی مانتا ہوں کہ وقف بورڈ کی ملی بھگت کے بغیر ناجائز قبضے نہیں ہو سکتے۔ اس لیے جب چھان بین ہو تو اس نکتہ کو بھی دیکھا جائے۔‘‘
اتحاد ملت کونسل کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر نفیس خاں نے بھی اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس نے بھی ناجائز قبضے کیے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ وہ ملکیتیں بھی خالی کرائی جائیں جن پر سرکاری قبضے ہیں۔ میں تو یہی چاہتا ہوں کہ وقف ملکیتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.