گھروں میں دینی فضاسازی گارجین حضرات کی اہم ذمہ داری :قاضی أنظار عالم قاسمی
پرولیا،9جنوری(راست) امیرشریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ مفکرملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کی ہدایت کے مطابق حضراتِ قضاۃ پر مشتمل امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کا ایک ذمہ دار اور معتبر وفد امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے صدر قاضی شریعت حضرت مولانا مفتی قاضی محمد أنظار عالم قاسمی کی قیادت میں صوبہ جھارکھنڈ کے دورہ پر ہے اس دوران یہ وفد واسع پور دھنباد میں قائم امارت شرعیہ بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ کے قدیم دارالقضاء کے لئے پہونچا اور جائزہ کے بعد مغربی بنگال کے ضلع پرولیا کی مشہور ترین آبادی حسین ڈیہہ جھالدہ حاضر ہوئے ، جہاں مغرب کی نماز کے بعد جامع مسجد حسین ڈیہہ میں اور عشاء کی نماز کے بعد مسجدِ عائشہ حسین ڈیہہ میں وفد میں شامل معزز قضاۃ کرام کے پر مغز خطابات ہوئے، دونوں مقامات کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے قاضی محمد أنظار عالم قاسمی نے کہا کہ اللہ کی سب سے بڑی نعمت ایمان ہے اور ایمان کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے زندگی گزارنے والاانسان ہی کامیاب ہے، ایمان کے تقاضے پر عمل کرنے کے لئے اللہ رب العزت نے ہمیں قرآن و حديث کی شکل میں ایک مکمل قانون شریعت عطا کی ہے، شریعت نے ہمیں سچائی کی تلقین کی ہے اس لئے ہمیں سچائی کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئیے، اولاد کی تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بچوں اور بچیوں کو قرآن کی تعلیم ضرور دیں اور ہر وہ علم سے اپنے بچوں کو آراستہ کریں جو علم نافع اور فائدہ پہنچانے والاہو، والدین اور گارجین حضرات کو چاہیئے کہ اپنے بچوں و بچیوں کی اسلامی و دینی طریقے پر صحیح تربیت کریں جس کے لئے خود کو بھی صحیح اور درست کرنا ہو گا اسی طرح ہمیں اپنے گھروں کے ماحول کو اسلامی رنگ میں ڈھالنا بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ گھروں میں دینی فضا سازی کا کام گارجین حضرات کی اہم ترین اسلامی ذمہ داری ہے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج کل میاں بیوی کے درمیان کشیدگی کے بہت سارے معاملات پیش آ رہے ہیں جو کہ ہمارے معاشرے کے لئے صحیح نہیں ہے، زوجین کے درمیان مودت کا ہونا ضروری ہے یعنی دونوں طرف سے محبت کا ہونا ضروری ہے اور وقتاً فوقتاً اس کا اظہار بھی ہونا چاہئے تاکہ ایک دوسرے کی دل جوئی ہو جائے اس سے رشتے میں استحکام اور دوام پیدا ہوتا ہے اس سے قبل دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ – رانچی کے قاضی شریعت مفتی محمد انور قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی گزارتے ہوئے یہ کوشش رہنی چاہیے کہ کوئی تنازع کو جگہ نہ ملے تاہم اگر آپس میں کوئی اختلاف ہو جائے تو ہمیں شریعت کی طرف رجوع کرنا چاہئیے اور شریعت کے مطابق اپنا فیصلہ کروانا چاہئیے اور جو فیصلہ شریعت کی روشنی میں ہو اسے مان لینا چاہئے یہی ایمان کا تقاضہ ہے چوں کہ شرعی طور پر ہونے والافیصلہ عدل و انصاف پر مبنی ہوا کرتا ہے اور عدل و انصاف کا حصول دارالقضاء کے ذریعہ بڑا سہل ہوا کرتا ہے لہٰذا ہمیں دارالقضاء کی جانب رجوع کرنا چاہئیے۔ دارالقضاء دین کا وہ اہم ترین شعبہ ہے جہاں قرآن و حديث کے مطابق فیصلہ ہوا کرتا ہے، ہمیں ہر حال میں قرآن، حدیث و شریعت کا دامن تھامے رہنا ہے اس سے بھٹکنا ہمارے لئے نقصان سے خالی نہیں ہے، قاضی شریعت رانچی نے ایک حدیث بیان کرتے ہوئے لوگوں کو سمجھایا کہ عدل و انصاف کے لئے سعی اور کوشش کرنا ثواب کا کام ہے، اگر ہماری کوشش سے کسی کا معاملہ قرآن، حدیث اور شریعت کے مطابق حل ہوتا ہے تو یہ ہمارے لئے کار خیر اور ثواب کا کام ہوگا جب ہم اپنے معاملات و اختلافات کا فیصلہ شریعت کے مطابق کرانے لگیں گے نیز اس فیصلے کو ماننے اور تسلیم کرنے لگیں گے تو یقین جانیں یہ ہمارے معاشرے کے لئے خیر اور بھلائی کا سبب بنے گا جس سے ہماری دنیا اور آخرت دونوں بہتر ہوگی، دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ دھنباد کے قاضی شریعت قاضی محمد شاہد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیکی کے کسی بھی کام میں شرکت کرنا اور حصہ لینا یہ دین و ایمان کی تازگی کا باعث ہے، ہمیں نیک کاموں میں پیچھے نہیں رہنا چاہئیے بلکہ بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اور جہاں شریعت کے مطابق معاملات کو حل کیا جاتا ہے یعنی دارالقضاء کی طرف رجوع کرنا بھی بڑی نیکی کا کام ہے، اس پروگرام میں نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ضلع پرولیا مغربی بنگال کے قاضی شریعت مفتی فخرالدین قاسمی نے ابتدائی بات کرتے ہوئے اراکین وفد کا تعارف کرایا، اس وفد میں مذکورہ اکابر علماء کرام امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کے علاوہ مفتی ابوداؤد قاسمی معاون قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کربلا ٹینک روڈ رانچی اور مفتی عارف قاسمی مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ بھی شامل رہے حسین ڈیہہ جھالدہ کی عوام نے بڑے ہی خلوص و محبت کے ساتھ وفد کا استقبال کرتے ہوئے اپنی عقیدت کا اظہار کیا اور دونوں جگہوں پر ذمہ داران و عوام کی ایک بڑی تعداد نے شریک ہو کر اکابر امارت شرعیہ کے قیمتی بیانات سے مستفید و مستفیض ہوئی اور وفد کی آمد پر وفد کا شکریہ بھی ادا کیا آخر میں قائد وفد حضرت قاضی محمد أنظار عالم قاسمی صدر قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کی رقت آمیز دعا پر دونوں مجلسوں کا اختتام ہوا۔