بھونیشور، 24 دسمبر (یو این آئی) اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن ماجھی نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کو بھونیشور میں آنے والے ‘پرواسی بھارتیہ دیوس، اور ‘اتکرش اوڈیشہ، پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی۔مسٹر ماجھی نے نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں دعوت نامہ دیا۔ اپنے ‘ایکس،ہینڈل پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسٹرمودی کی موجودگی سے یہ پروگرام اور بھی شاندار ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ اڈیشہ کے بھونیشور میں 8-10 جنوری 2025 کو 18 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس (پی بی ڈی) کانفرنس کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ اس کانفرنس کا موضوع ’’ترقی یافتہ ہندوستان میں سمندر پار ہندوستانیوں کا تعاون‘‘ ہے۔پرواسی بھارتیہ دیوس مرکزی حکومت کا ایک بڑا پروگرام ہے، جو ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد ہندوستانی تارکین وطن اور حکومت ہند کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور تارکین وطن کو ان کی ثقافتی جڑوں سے دوبارہ جوڑنا ہے۔ یہ تقریب ہندوستانی نژاد لوگوں کی حصولیابیوں کو اعزاز دینے کا بھی ایک موقع ہے اور انہیں ہندوستان کے ساتھ اپنے علم اور مہارت کو بانٹنے کی ترغیب دیتا ہے۔اتکرش اوڈیشہ – میک ان اوڈیشہ کانکلیو 2025’ مشرقی ہندوستان کے لیے سرمایہ کاری کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور اوڈیشہ کو عالمی سطح پر مسابقتی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پرترقی دینا ہے۔یہ کنکلیو مختلف شعبوں میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوشش کرے گا اور اڈیشہ کو مشرقی ہندوستان کے صنعتی پاور ہاؤس کے طور پر قائم کرے گا۔بھونیشور میں 28 اور 29 جنوری کو منعقد ہونے والا یہ پروگرام اوڈیشہ کی صنعتی طاقت، اسٹریٹجک فوائد اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ترقی کے وسیع مواقع کو ظاہر کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔میک ان اوڈیشہ کانکلیو 2025 میں دو روزہ ایجنڈا ہوگا، جس میں اعلیٰ سطحی مکمل اجلاس، علاقائی مباحث اور خیالات کا تبادلہ شامل ہے۔ یہ عالمی صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم رابطوں کا موقع بھی فراہم کرے گا۔



