National

ہندوستان کے عوام کو مودی حکومت کی نفرت کی سیاست کو مسترد کرنا چاہئے : ایس ڈی پی آئی

8views

نئی دہلی17 دسمبر ۔ (راست)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے 16دسمبر 2024کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر جمہوریت بچائو-آئین بچائو کے عنوان سے ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا۔اس احتجاجی مظاہرے سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے قومی نائب صدر محمد شفیع نے ہندوستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے آکر مودی حکومت کی نفرت کی سیاست کو مسترد کریں۔محمد شفیع نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی وقف ترمیمی بل کی سخت مخالفت کرے گی اور مطالبہ رکھا کہ عبادت گاہوں کے قانون 1991 کو اس کی حقیقی روح میں لاگو کیا جانا چاہیے۔نئی دہلی میں منعقد اس احتجاجی مظاہرے میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، عبادت گاہ ایکٹ کا نفاذ، وقف ترمیمی بل کو واپس لینے کے مطالبات اور سنبھل سانحہ کے خلاف احتجاج کیلئے منعقد کیا گیا تھا، جس میں پولیس نے چھ مسلم نوجوانوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ سنبھل معاملے میں ایس ڈی پی آئی کا مطالبہ ہے کہ فائرنگ واقعہ کے ذمہ دار پولیس اور ضلع انتظامیہ کو سزا دی جائے ۔ اس احتجاجی مظاہرے میں سابق ممبران پارلیمنٹ عبید اللہ اعظمی اور لال منی پرساد، سپریم کورٹ کے وکیل بھانو پرتاپ اور تھول تھروماولون ایم پی، برجو نائک (لوکراج آرگنائزیشن)، آل انڈیا شیعہ مسلم بورڈ کے قومی نائب صدر مولانا ظہیر عباس، پرم ویر چکر یافتہ کیپٹن عبدالحمید کے پوتے ڈاکٹر جاوید، ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹریان محمد الیاس تمبے اور یاسمین فاروقی اور ایس ڈی پی آئی مدھیہ پردیش ریاستی صدر ایڈوکیٹ ودیا راج مالویہ نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔اس احتجاجی مظاہرے میں عبیداللہ اعظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “بی جے پی لوگوں کے ذہنوں میں نفرت پیدا کرکے اقتدار میں آئی ہے اوراس نے ملک میں انتشار پھیلادیا ہے۔ بی جے پی کا نعرہ ‘بٹیں گے تو کٹیں گے خود ظاہر کرتا ہے کہ وہ لوگوں کو تقسیم کرنے کے لیے نفرت اور تشدد پھیلا رہے ہیں۔ جہاں بی جے پی لوگوں کو تقسیم کرنے میں لگی ہوئی ہے، ہم ملک کو متحد اور پرامن بنانے کے لیے لوگوں کو متحد کر رہے ہیں۔ ہمیں فرقہ واریت اور نفرت کی سیاست کے خلاف متحد ہونا ہوگا ۔لال منی پرساد نے اپنے خطاب میں کہا کے ہمارے ملک میں آئین پوری طرح سے لاگو نہیں ہو اہے۔ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کے تحفظ اور سماجی انصاف کے قیام کے لیے قربانیاں دینے کے لیے تیار رہیں۔بھانو پرتاپ نے مودی حکومت کے خلاف جدوجہد کو دوسری آزادی کی جنگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ہم یہاں اپنی دوسری آزادی کی جنگ فاشسٹ حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ہماری لڑائی دھوکے باز بی جے پی اور مودی حکومت سے ہے جو ای وی ایم کی مدد سے ہمارے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔رکن پارلیمنٹ تھول تھروماولون نے کہا،یہ حکومت شروع سے ہی آئینی اقدار کے بجائے فاشسٹ ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کی مخالفت کرنا اور آئین کو پرعزم ہوکر مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے”۔اس احتجاجی مظاہرے میں ایس ڈی پی آئی کے قومی ورکنگ کمیٹی کے اراکین ظہیر عباس، اظہر تمبولی ، دہلی ریاستی صدر ڈاکٹر آئی اے خان ، نائب صدر محترمہ شاہین کوثر، ریاستی سکریٹری محمد ہاشم ملک، ویمن انڈیا موئومنٹ کی ریاستی صدر آسیہ سیفی اور ایس ڈی پی آئی دہلی کے ریاستی انچارج عبدالقادر سمیت سینکڑوں افراد شریک رہے۔قومی سکریٹری فیصل عزالدین نے تمام مہمانوں کااستقبال کیا اور قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر نظام الدین خان نے شکریہ ادا کیا ۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.