گل نے پچاس رن بنائے، ہرشیت نے 4 وکٹیں حاصل کیں، سیم کونٹس نے 107 رن بنائے
کینبرا، یکم دسمبر (یو این آئی) ہرشیت رانا (چار وکٹ)، شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 50 رن سے ریٹائرڈ)، یشسوی جیسوال (45)، نتیش کمار ریڈی (42) کی شاندار اننگز کے بعد ہندوستان نے اتوار کو مانوکا اوول میں گلابی گیند سے کھیلے گئے پریکٹس میچ میں آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔241 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کی اوپننگ جوڑی نے ہندوستان کے لیے اچھی شروعات کی۔ اس دوران کے ایل راہل (27 ناٹ آؤٹ) رنز پر ریٹائر ہو گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے شبھمن گل نے جیسوال کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ چارلی اینڈرسن نے 17ویں اوور میں یشسوی جیسوال (45) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ کپتان روہت شرما ایک بار پھر ناکام رہے اور تین رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ شبھمن گل (50 ناٹ آؤٹ) رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہوئے۔ نتیش کمار ریڈی نے (42) رنز کی اننگز کھیلی۔ رویندرا جڈیجہ (27) اور سرفراز خان (1) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر 37 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور دیودت پڈیکل تین رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے 46 اوور میں پانچ وکٹوں پر 256 رنز بنائے۔ ہندوستان نے یہ میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کی جانب سے چارلی اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ لائیڈ پوپ، میٹ رینشا اور جیک کلیٹن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے آج ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیائی وزیر اعظم الیون کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلوی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 22 کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ محمد سراج نے میٹ رینشا کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس دوران بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔ جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو آکاش دیپ نے جڈن گڈبن (چار) کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد جیک کلیٹن نے سیم کونسٹاس کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت ہوئی۔ 23ویں اوور میں ہرشیت رانا نے آسٹریلیا کو ایک اوور میں دو جھٹکے لگائے۔ ہرشیت نے پہلے جیک کلیٹن (40) کو بولڈ کیا اور پھر اولیور ڈیوس (0) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ کپتان جیک ایڈورڈز (ایک) اور سیم ہارپر (0) بھی ہرشیت کا شکار بنے۔ ہینو جیکبز (60) کو واشنگٹن سندر نے آؤٹ کیا۔ سیم کونسٹاس (107) آٹھویں وکٹ پر آؤٹ ہوئے۔ آکاشدیپ نے انہیں سینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ جیک نسبیٹ (11) اور ایڈن او کونر (چار) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون 43.2 اوورز میں 240 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ہندوستان کی جانب سے ہرشیت رانا نے چار، آکاش دیپ نے دو، محمد سراج، پرسید کرشنا، واشنگٹن سندر اور رویندرا جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔