Jharkhand

برسا منڈا کے پڑپوتے منگل منڈا کا انتقال

14views

وزیر اعظم مودی ، وزیر اعلیٰ ہیمنت کا اظہار افسوس

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 29 نومبر:۔ دھرتی آبا برسا منڈا کے پڑپوتے منگل سنگھ منڈا کا جمعرات کی دیر رات انتقال ہوگیا۔ منگل منڈا نے ریمس میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال سے قبائلی عوام میں سوگ کی لہر ہے۔ ان کی آخری رسومات کھونٹی کے گاوں اولیہاتو میں ادا کی جائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ 25 نومبر کو منگل منڈا کھونٹی -تماڑ روڈ پر سڑک حادثہ کا شکار ہو گئے تھے۔ ان کے سر پر شدید چوٹ آئی تھی۔ اس کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے ریمس لایا گیا۔ 26 نومبر کو ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا علاج شروع کیا۔ انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ کھونٹی کے ڈپٹی کمشنر لکیش مشرا کی پہل پر کھونٹی کے سول سرجن ڈاکٹر ناگیشور مانجھی کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی ریمس گئی تھی۔ منگل منڈا کا انتقال جمعرات کی رات تقریباً 12.30 بجے ہوا۔ منگل منڈا کے انتقال پر لوک سبھا کے سابق ڈپٹی اسپیکر پدم بھوشن کڑیا منڈا، تورپا کے رکن اسمبلی سدیپ گڑیا، کھونٹی رکن اسمبلی رام سوریہہ منڈا، سابق رکن اسمبلی کوچے منڈا اور نیل کنٹھ سنگھ منڈا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت نے خراج عقیدت پیش کیا
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے دھرتی ابا برسا منڈا کے پڑ پوتے کے بے وقت انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین آج RIMS پہونچے اور آنجہانی منگل منڈا کو ان کی جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھا کر جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دعا کی بھگوان ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ ہیمنت سورین نے سوگوار کنبہ کے افراد سے ملاقات کی اور اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں تسلی دی۔ انہوں نے منگل منڈا کے خاندان کو ریاستی حکومت کی سطح سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ وزیراعلیٰ نے ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرکے منگل منڈا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ لارڈ برسا منڈا کی اولاد منگل منڈا کے انتقال کی خبر سے انتہائی غمزدہ ہیں، جن کا RIMS میں علاج کیا جا رہا تھا۔ مرنگ برو مرحوم کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کے افراد کو دکھ کی اس مشکل گھڑی کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔
وزیراعظم نے منگل منڈا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز بھگوان برسا منڈا کی اولاد منگل منڈا کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ منگل منڈا سڑک حادثے کے بعد جھارکھنڈ کے رمس میں زیر علاج تھے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا، “بھگوان برسا منڈا جی کے اولاد، منگل منڈا جی کے انتقال سے انتہائی غمزدہ ہوں۔ ان کا انتقال نہ صرف ان کے خاندان کے لیے بلکہ جھارکھنڈ کے قبائلی سماج کے لیے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے۔ بھگوان ان کے اہل خانہ کو اس غم کی گھڑی میں طاقت عطا فرمائے۔ اوم شانتی!‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.