National

آئین کی 75ویں سالگرہ پر صدر جمہوریہ مرمو کا دونوں ایوانوں سےخطاب

32views

خصوصی ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری، سنسکرت اور میتھلی زبان میں آئین کی کتاب کا اجراء

نئی دہلی، 26 نومبر:۔ (ایجنسی) ہندوستان کا آئین اب سنسکرت اور میتھلی زبان میں بھی پڑھا جا سکے گا۔ آئین سازی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منگل کو ہندوستان کی دو قدیم زبان میتھلی اور سنسکرت میں ترجمہ شدہ آئین کی کاپیوں کا صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اجراء کیا۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ، دونوں ایوانوں کے اسپیکر، وزیر اعظم نریندر مودی اور اپوزیشن رہنما راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ یوم آئین کے موقع پر ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی جاری کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ یہ آئین ملک کو ذہین لوگوں کی دین ہے۔ اس نے ملک کے تنوع کو آواز دی ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں ہمارا ملک عالمی دوست بن کر اُبھرا ہے۔ آج ممنون قوم اپنے آئین سازوں کو سلام کرتی ہے۔ اس تقریب میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے رہنما ایک ساتھ نظر آئے۔ آئین کی میتھلی اور سنسکرت کی کاپیوں کے اجراء کے دوران اسٹیج پر پی ایم مودی صدر جمہوریہ کے ساتھ تھے تو وہیں راہل گاندھی ملکارجن کھڑگے بھی وہاں موجود تھے۔ اس کے علاوہ ایوانوں کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر بھی اسٹیج پر تھے۔ یوم آئین کے موقع پر ایوان کی عام کارروائی نہیں ہوئی بلکہ دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا۔ اس موقع پر صدر نے سبھی اراکین سے آئین کی تمہید بھی پڑھوائی۔ قابل ذکر ہے کہ اٹل بہاری واجپئی کے دور حکومت میں 2004 میں ہندوستان کی اس قدیم زبان میتھلی کو آئین کی آٹھویں فہرست میں شامل کرکے ہندوستان کی سرکاری زبان کا درجہ فراہم کیا گیا تھا۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.