جنوبی لبنان کے متعدد دیہات خالی کرنے کی اسرائیلی وارننگ
بیروت 25 نومبر(ایجنسی) اسرائیلی فوج لبنانی علاقوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔دوسری طرف حزب اللہ اسرائیل کی جانب تازہ میزائل داغے ہیں جب کہ زمین پر زمین پر اسرائیلی افواج کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں جو سرحد پر واقع متعدد جنوبی قصبوں میں پیش رفت کر رہی ہیں۔محاذ جنگ کی تازہ ترین پیش رفت میں العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ لبنان سے تل ابیب اور وسطی اسرائیل پر پانچ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے گئے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سائرن فعال ہو گئے۔لیکن اسرائیل کا کہنا ہے کہ صرف ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل اسرائیل میں گرا جبکہ باقی چار کو فضائی دفاع نے روک دیا۔اسرائیلی فوج نے لبنان سے چھوڑے گئے دو ڈرون کو روکنے کا اعلان کیا۔درایں اثناء اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے پانچ قصبوں کے مکینوں کو انخلاء کی وارننگ جاری کرتے ہوئے انہیں دریائے الاوالی کے شمال کی طرف جانے کو کہا ہے۔فوج کے ترجمان نےزطر الشرقیہ، زوطر الغربیہ، ارنون، یحمر اور القصیبہ کے رہائشیوں سے انخلا کی وارننگ جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ جنوب کی طرف جانے سے رہائشیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گا۔ دوسری جانب لبنان کے سرکاری اعدادو شمار کے مطابق لبنان میں جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 3,670 ہو گئی ہے اور 15,000 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔صرف کل ہفتے کو لبنان خاص طور پر بیروت میں اسرائیلی حملوں میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔