47
دہلی کے سرائے کالے خاں چوک کا نام برسا منڈا کے نام پر رکھنے پر ہیمنت سورین نے اعتراض کیا
رانچی، 16 نومبر:۔ دہلی کے سرائے کالے خان چوک کا نام بدل کر برسا چوک رکھ دیا گیا ہے اور وہاں برسا منڈا کا مجسمہ نصب کر دیا گیا ہے۔ ادھر جھارکھنڈ میں اس کو لے کر سیاست گرم ہو گئی ہے۔ جے ایم ایم نے اس پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اسے اپنی توہین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بس اسٹاپ کے چوک کا نام برسا منڈا کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ توہین نہیں تو اور کیا ہے؟ کیا دارالحکومت دہلی میں ہم قبائلیوں کے معزز، ان کے وقار اور ہمارے عقیدے کی تعظیم کے لیے کوئی اور مناسب جگہ نہیں تھی؟ کیا سینٹرل وسٹا کا نام ہمارے بھگوان کے نام پر نہیں رکھا جا سکتا تھا؟ یہ جھارکھنڈیوں سمیت ملک کے تمام قبائلیوں؍ مقامی لوگوں کی توہین ہے۔ ہم مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس قدم کو فوری طور پر واپس لے اور ہمارے بھگوان کو اس کے وقار اور ہمارے عقیدے کے مطابق جگہ دے۔ ایشور ہمارے ہیرو کو اس کے وقار، ہمارے عقیدے کے مطابق جگہ عطا فرمائے۔قابل ذکر ہے کہ 15 نومبر کو برسا منڈا کے یوم پیدائش پر مرکزی حکومت نے دہلی میں سرائے کالے خان آئی ایس بی ٹی بس اسٹینڈ کے باہر بڑے چوک کا نام بدل کر برسا منڈا چوک کر دیا تھا۔ دوسری جانب ’ٹرائبل آرمی ‘ نے بھی مرکزی حکومت کے اس فیصلے پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔