
کانگریس ریزرویشن مخالف ہے، مسلمانوں، دلتوں اور قبائلیوں کو ریزرویشن دیں گی: امیت شاہ
جدید بھارت نیوز سروس
جھریا، ۱۲؍نومبر:مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جھریا اور باگھمارہ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی 20 تاریخ کو آپ کا ایک ووٹ جھارکھنڈ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والاہے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جے ایم ایم کی حکومت چاہتے ہیں جو ان کے گھر بھرے گی یا ایسی بی جے پی کی حکومت جو انہیں لکھپتی دیدی بنائے گی۔
ہیمنت سرکار پر حملہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس لیڈروں کے گھروں سے 350 کروڑ روپے ضبط کیے جاتے ہیں۔ یہ پیسہ جھارکھنڈ کے غریب لوگوں کا ہے، لیکن ہیمنت حکومت اس پر خاموش ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث لوگوں کو الٹا لٹکا کر سیدھا کرنے کا کام کرے گی۔ اس کے ساتھ لوٹی ہوئی رقم واپس جھارکھنڈ کے خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے شاہ نے کہا کہ کانگریس نے 70 سال تک ملک پر حکومت کی اور ایودھیا میں شری رام مندر کی تعمیر کو روک دیا۔ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا کام بھی صرف پانچ سال میں کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ریزرویشن مخالف پارٹی ہے۔ کانگریس ملک کے پسماندہ طبقات اور دلتوں کے ریزرویشن کو ختم کرکے مسلمانوں کو دینا چاہتی ہے۔ لیکن جب تک بی جے پی کا ایک بھی ایم ایل اے ہے، ہم مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں دینے دیں گے۔ شاہ نے کہا کہ کانگریس کشمیر میں دفعہ 370 کو واپس لانا چاہتی ہے، لیکن جب تک بی جے پی ہے، کانگریس کی چوتھی نسل بھی دفعہ 370 کو واپس نہیں لاسکتی۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار جھارکھنڈ میںبی جے پی کو کامیاب بنانا ہے۔
