Jharkhand

کوڈرما پہونچے لالو یادو، سبھاش یادو کے حق میں ووٹ مانگا

66views

کہا : پی ایم مودی نے ملک کے نوجوانوں ، کسانوں اور مزدوروں کو ٹھگنے کا کام کیا

جدید بھارت نیوز سروس
کوڈرما، 10 نومبر:۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے کوڈرما کے مرکچو بلاک کے گورہا میدان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر لالو یادو آر جے ڈی امیدوار سبھاش یادو کی حمایت میں انتخابی ریلی سے خطاب کرنے سڑک کے ذریعے کوڈرما پہونچے۔ کوڈرما کے لوگوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ جس طرح کوڈرما کے لوگ لالو یادو کو اپنا آشیرواد اور پیار دیتے ہیں، مجھے امید ہے کہ اسی طرح کوڈرما کے لوگ سبھاش یادو کو اپنا آشیرواد اور پیار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سبھاش یادو کو جتوا کر آپ سب لالو یادو کے ہاتھ مضبوط کریں۔ اپنے خطاب کے دوران لالو یادو نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نے ملک کے نوجوانوں، کسانوں اور مزدوروں کو ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ لالو یادو کو دیکھنے اور سننے کے لیے بڑی تعداد میں مقامی لوگ اور آر جے ڈی کارکنان نے میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر آر جے ڈی کے جھارکھنڈ انچارج جئے پرکاش نارائن یادو کے علاوہ بہار کے کئی ایم ایل ایز اور سینئر لیڈران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرنے کے بعد لالو یادو خصوصی رتھ میں سبھاش یادو کی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ آج اور کل پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ جھارکھنڈ میں انتخابات کا پہلا مرحلہ 13 نومبر کو ہوگا اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 20 نومبر کو ہوگی اور انتخابی نتائج 23 نومبر کو آئیں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.