Sports

’غزہ میں قتل عام بند کروایا جائے‘، فٹ بالر محمد صلاح کی جذباتی ویڈیو وائرل

160views
مصر کے سٹار فٹ بالر اور لیورپول کلب کے لیے کھیلنے والے محمد صلاح نے غزہ میں جاری صورت حال کے حوالے سے ایک جذباتی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں عالمی رہنماؤں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مل کر معصوم جانوں کا ضیاع بند کروائیں۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ (ایکس) پر جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں وہ فکرمند دکھائی دیتے ہیں۔
51 سکینڈز پر مشتمل پیغام میں وہ آغاز ان الفاظ سے کرتے ہیں کہ ’ایسے مواقع پر بات کرنا آسان نہیں ہوتا۔ وہاں بہت زیادہ تشدد اور دل دہلا دینے والے بربریت پر مبنی واقعات ہوئے ہیں۔‘
 آس کے بعد وہ عالمی رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ ’اکٹھے ہو جائیں اور مزید خونریزی بند کروائیں۔ انسانیت کو اہمیت دی جانی چاہیے۔‘
وہ دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’غزہ کے لوگوں کو فوری طور پر کھانے کے سامان، پانی اور طبی سہولتوں کی ضرورت ہے۔‘
محمد صلاح کے مطابق ’بڑھتے تشدد کو دیکھنا برداشت سے باہر ہو گیا ہے۔‘
مصری سٹار مزید کہتے ہیں کہ ’تمام زندگیاں مقدس ہوتی ہیں اور ان کو بچایا جانا چاہیے۔ قتل عام بند کو روکنے کی ضرورت ہے۔‘
وہ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ ’خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کیا جا رہا ہے۔ وہاں کے لوگ خوفناک حالات میں ہیں اور یہ بات واضح ہے کہ غزہ کے لیے امداد کی اجازت دی جانی چاہیے۔‘
غزہ کے ہسپتال پر حملے جس میں پانچ سو سے زائد افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے، کے حوالے سے محمد صلاح کا کہنا تھا کہ ’پچھلی رات (نشانہ بننے والے) ہسپتال کے مناظر دل کو دہلا دینے والے تھے۔‘
مصری فٹ بالر کا ویڈیو پیغام اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور اب تک اس کو 12 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ ان کے پیغام پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.