چار سال سے زیادہ ہو گئے، جھارکھنڈیوں کو ان کے حقوق کب ملیں گے؟
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 4نومبر: وزیر اعظم نریندر مودی کے جھارکھنڈ دورے کے حوالے سے ہیمنت سورین نے ایک بار پھر وزیر اعظم کے سامنے جھارکھنڈ کے حقوق کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ ہیمنت سورین نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ 4 سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے جب انہوں نے مرکزی حکومت کو ایک خط لکھا تھا جس میں آٹھویں شیڈول میں منڈاری، کنڑکھ؍ اورائوں زبان کو شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ لیکن آج تک مرکزی حکومت کی طرف سے قبائلیوں کی زبان کے تحفظ کے لیے کوئی پہل نہیں کی گئی۔ آخر کب تک جھارکھنڈ کے قبائلی اپنی شناخت کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے؟ کیا مرکزی حکومت قبائلیوں کو حقوق نہیں دے سکتی؟ وزیر اعظم، آپ آج جھارکھنڈ آئیںہیں۔ ایسے میں یہاں کے قبائلیوں کو ان کی شناخت اور حقوق دلائیں۔ وزیر اعظم، ہم جھارکھنڈ کے لوگوں کو اپنا حق کب دے رہے ہیں؟
جھارکھنڈ کا بقایا ادا کریں
ہیمنت سورین نے کہا کہ جھارکھنڈ کے دورے کے موقع پر، میں وزیر اعظم سے عاجزی کے ساتھ درخواست کرتا ہوں کہ وہ کوئلہ کمپنیوں کے ذریعہ ریاست کو 1 لاکھ 36 ہزار کروڑ روپے کا بقایا ادا کریں۔ جھارکھنڈ کا یہ جائز حق ہمیں واپس کیا جائے۔ یہ نہ صرف ہمارا حق ہے بلکہ ریاست کی ترقی کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ معلوم ہو کہ ہیمنت سورین نے وزیر اعظم سے درجنوں بار بقایا رقم کی ادائیگی کی درخواست کی ہے۔