National

صدر جمہوریہ ہندکی ہندوستانی ہوا بازی کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے ساتھ بات چیت

90views

نئی دلی۔ 4؍نومبر۔ایم این این۔صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج راشٹرپتی بھون میں ہندوستانی ہوا بازی کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کی۔ یہ میٹنگ ’’عوام کے ساتھ صدر‘‘کے اقدام کے تحت ہوئی جس کا مقصد لوگوں کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنا اور ان کی کار کردگی کا اعتراف کرنا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین ہندوستان کے شہری ہوا بازی کے شعبے میں مختلف آپریشنل اور تکنیکی شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ 15 فیصد ایئر ٹریفک کنٹرولرز خواتین ہیں، 11 فیصد فلائٹ ڈسپیچر خواتین ہیں، اور 9 فیصد ایرو اسپیس انجینئرز خواتین ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال کمرشل لائسنس حاصل کرنے والے پائلٹس میں سے 18 فیصد خواتین تھیں۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والی تمام خواتین کی ستائش کی جو اختراعی انداز میں سوچتی ہیں اور نئے راستوں پر چلنے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت ہند کی جامع کوششوں سے شہری ہوا بازی کے شعبے میں خواتین کی ترقی کو فروغ ملا ہے۔ زیادہ سے زیادہ خواتین اب ہوا بازی کو اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہوا بازی کی صنعت میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع بھی ضروری ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم اور مناسب تربیت کے علاوہ خاندان کی کفالت بھی ضروری ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ بہت سی خواتین اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی خاندان کی طرف سے عدم تعاون کی وجہ سے اپنے خواب پورے نہیں کر پاتی ہیں۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والی خواتین پر زور دیا کہ وہ دوسری خواتین کے لیے رہنما بنیں اور انہیں اپنے کیریئر کا انتخاب کرنے اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب دیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.