Sports

انڈر 23 ورلڈ چیمپئن شپ میں چراغ چکارا نے گولڈ میڈل جیتا

90views

تیرانہ (البانیہ)، 28 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی پہلوان چراغ چکارا نے انڈر 23 ورلڈ چمپئن شپ ریسلنگ میں مردوں کے 57 کلوگرام زمرے کے فائنل میچ میں کرغزستان کے عبدالمالک کاراچوف کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ ہندوستان نے اس چمپئن شپ میں ایک طلائی، ایک چاندی اور سات کانسے سمیت کل نو تمغے جیتے ہیں۔ البانیہ کے شہر تیرانہ میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں چکارا نے قریبی مقابلے میں کاراچوف کو 4-3 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ اس جیت کے ساتھ وہ انڈر 23 ورلڈ چیمپئن بننے والے صرف دوسرے ہندوستانی مرد پہلوان بن گئے ہیں۔ وہ امن سہراوت اور ریتیکا ہڈا کے کلب میں شامل ہوگئے۔ چراغ چکارا نے اس سے قبل سیمی فائنل میں قازقستان کے ایلن اورل بیک کو شکست دے کر ٹائٹل میچ میں جگہ بنائی تھی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے مخالف پہلوان پر 8-0 کی زبردست جیت درج کی تھی۔ انہوں نے پہلے راؤنڈ میں جاپان کے گاٹوکو اوزاوا کو 6-1 سے ہرایاتھا اور پھر کوارٹر فائنل میں یونس ایوباتیروف کو 12-2 سے شکست دی۔ اس وزن کے زمرے میں ایوبتیروف نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ ایک اور میچ میں سوجیت کلکل نے مردوں کے 70 کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیت کر ہندوستان کے تمغوں کی تعداد میں اضافہ کیا۔ انہوں نے تاجکستان کے مصطفی احمدوف کو 13-4 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وکی نے مردوں کے 97 کلوگرام فری اسٹائل مقابلے میں یوکرین کے یورپی جونیئر چیمپئن ایوان پریماچینکو کو 7-2 سے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ وکی نے پہلے راؤنڈ میں جارجیا کے میرب سلیمانیشویلی اور کوارٹر فائنل میں مالڈووا کے راڈو لیفٹر کو ہرایاتھا لیکن سیمی فائنل میں وہ ایران کے مہدی ہزیلویان مورفا سے ہار گئے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.