Sports

سینٹنر کی خطرناک گیندبازی، ہندستان نے میچ کے ساتھ سیریز بھی گنوائی

43views

پونے، 26 اکتوبر (یو این آئی) مچل سینٹنر (104 رن چھ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنیچر کو 113 رن سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کیوی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف اس کے گھر میں ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی ہے۔ نیوزی لینڈ کی اس جیت کے ہیرو مچل سینٹنر رہے جنہوں نے ہندوستان کی پہلی اننگ میں سات اور دوسری میں چھ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔سینٹنر مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم کی پچ پر ہندوستانیوں کے لیے مصیبت بن کر ابھرے۔ پہلی اننگ میں سات وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو 103 رنز کی اہم برتری دلانے والے سینٹنر کا خوف ہندوستانیوں پر چھایا رہا۔ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگ میں 255 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہندوستان کی پوری ٹیم 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگ میں 259 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان کی پہلی اننگ 156 رنز پر سمٹ گئی تھی۔نیوزی لینڈ کے پانچ وکٹ لینے کے بعد ہندوستان پہلے سیشن میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رن بناچکاتھا اور ایسا لگتا تھا کہ ہندوستان یہ میچ جیتنے کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ ہندوستان کو صرف ایک اچھے سیشن کی ضرورت تھی لیکن دوسرے سیشن میں پورا میچ نیوزی لینڈ کے حق میں جھک گیا۔نیوزی لینڈ نے بنگلورو میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 36 سال بعد ٹیسٹ جیتا تھا اور اب پہلی سیریزبھی اس کے نام ہے۔ نیوزی لینڈ کی ان دو جیت میں کین ولیمسن بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، سری لنکا میں یہ ٹیم ہار کر آئی تھی۔ ساؤتھی نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن ٹام لیتھم نے اچھی کپتانی کی۔پہلے میچ میں کیوی تیز گیندبازوں نے باگ ڈور سنبھالی جبکہ دوسرے میچ میں سینٹنر نے قیادت کی۔ بلے بازی میں کونوے اور راچن رویندرا کے ساتھ کپتان ٹام لیتھم نے بھی اپنا حصہ ڈالا اور نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کی مشکل ترین سیریز میں سے ایک سیریز اپنے نام کرلی۔یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ہندوستان پچھلی بار گھر میں ٹیسٹ سیریز ہارا تھا تو گمبھیر اس ٹیم کا حصہ تھے اور آج گمبھیر ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف اُس سیریز میں شکست میں اشون اور کوہلی بھی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔
ہندوستان کی دوسری اننگ میں یشسوی جیسوال (77) کے علاوہ رویندر جڈیجہ (42) نے شکست کو ٹالنے کی بھرپور کوشش کی۔ ان کے علاوہ شبمن گل (23)، واشنگٹن سندر (21) اور روی چندرن اشون (18) ہی کیوی گیند بازوں کے خلاف آرام سے کھیل سکے۔ تجربہ کار روہت شرما (8) اور وراٹ کوہلی (17) لگاتار دوسری اننگز میں کوئی اثر نہیں چھوڑ سکے۔ رشبھ پنت بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوئے جب کہ پہلے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنانے والے سرفراز خان پونے کی پچ پر دوسرے اننگ میں بھی نہیں چل سکے اور نو رنز کے ذاتی اسکور پر سنٹنرکا شکار بنے۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 11 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔ جسپریت بمراہ 10 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور پانچ وکٹوں پر 198 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی پوری ٹیم 255 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے واشنگٹن سندر چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب رہے جب کہ رویندرا جڈیجہ نے تین اور روی چندرن اشون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.