Jammu and Kashmir

عمر عبداللہ نے کشمیری زبان میں حلف اٹھایا

10views

سرینگر، 21 اکتوبر:۔ (ایجنسی) جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج یونین ٹیریٹری کی قانون ساز اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے کشمیری زبان میں حلف اٹھایا، جس پر اسمبلی کے اراکین نے خوشی کا اظہار کیا اور تالیاں بجائیں۔ اسمبلی کے عبوری اسپیکر مبارک گل نے 90نو منتخب اراکین اسمبلی کو سرینگر کی قانون ساز اسمبلی کمپلیکس میں حلف برداری کی تقریب میں حلف دلایا۔ عمر عبداللہ نے کشمیری زبان میں حلف لے کر سب کو حیران کر دیا، کیونکہ وہ روانی سے کشمیری بولنے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔ عمر عبداللہ، جو اپنے والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے برعکس، سیاسی کیریئر کے آغاز سے ہی کشمیری زبان میں مہارت حاصل نہیں کر پائے، نے کشمیری زبان میں حلف لیتے وقت اراکین اسمبلی سے بھرپور داد وصول کی۔ 1998 میں اپنی سیاست کا آغاز کرنے کے بعد سے وہ کشمیری زبان بولنے میں تگ و دو کرتے رہے ہیں، لیکن اب کشمیری میں حلف اٹھا کر انہوں نے اپنی شناخت کو مزید مستحکم کیا۔ الیکشن کے دوران عمر عبداللہ نے گاندربل اسمبلی حلقے میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت ’’میون ٹوپ‘‘ جیسے کشمیری الفاظ بولے تھے، جو بعد میں وائرل ہو گئے تھے۔ انہوں نے گاندربل میں اپنی سر سے ٹوپی اتاری اور ہاتھوں میں لیکر لوگوں سے ووٹ دیگر ٹوپی کی لاج رکھنے کی اپیل کی تھی۔ جموں میں وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے کشمیری لفظ ’’موکلیو‘‘ (ختم ہو گیا) بولا تھا، جس کا حوالہ انہوں نے اپنی پارلیمانی انتخابات میں آزاد امیدوار انجینئر رشید کے خلاف شکست کا ذکر کرتے ہوئے دیا تھا، اور یہ لفظ بھی عوام میں کافی مقبول ہو گیا تھا۔ سوموار کے روز منعقد ہوئی یہ حلف برداری کی تقریب چھ سال بعد منعقد ہوئی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.