International

شمالی لبنان میں اسرائیلی بمباری میں خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی عالمی سطح پر شدیدمذمت

12views

بیروت 15 اکتو بر (ایجنسی) لبنان کے شمالی علاقے ایطو پرسوموار کی شام اسرائیل کی طرف سے ایک رہائشی عمارت پر کی گئی بمباری میں بچوں اور خواتین سمیت 22 عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کو عالمی سطح پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔دوسری جانب لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں جاں بحق خواتین اور بچوں کی ’ڈی این اے‘ کی مدد سے شناخت کی جائے گی۔‘یو این ایچ سی آر‘ کے ترجمان جیریمی لارنس نے منگل کو جنیوا میں ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ کل سوموار کے روز اسرائیلی بمباری میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ جنگی قوانین کے احترام کے حوالے سے خدشات کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ شمال میں ایطو قصبے میں واقع مذکورہ عمارت پر حملوں میں 12 خواتین اور دو بچوں کے مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کا ایک چوتھائی حصہ اسرائیلی فوج کے انخلاء کے براہ راست احکامات کے نشانے پر ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملے کی آزادانہ تحقیقات کرے جس میں شمالی لبنان میں 22 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔انہوں نےمزید کہا کہ ایطو قصبے پر بمباری کے بارے میں ہم جو کچھ سن رہے ہیں وہ یہ ہے کہ مرنے والوں میں 12 خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہم جانتے ہیں کہ یہ حملہ ایک چار منزلہ رہائشی عمارت پر کیا گیا تھا۔ ان عوامل کو ذہن میں رکھاجانا چاہیے ہمیں بین الاقوامی قانون، جنگ کے قوانین، عام شہریوں اور عسکریت پسندوں کے درمیان فرق اورتناسب کے اصولوں کے حوالے سے حقیقی تحفظات ہیں”۔یہ پیش رفت اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے منگل کے روز اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ لبنان کا 25 فیصد حصہ اسرائیلی فوج کے انخلاء کے براہ راست احکامات کے تابع ہے۔جبکہ لبنان میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ملک میں انسانی امداد کی اشیاء لانے میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا ہے۔دریں اثنا اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے ’یونیسیف‘ کے ایک سینیر اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ پچھلے تین ہفتوں میں چار لاکھ سے زیادہ لبنانی بچے بے گھر ہو چکے ہیں، جس سے اس چھوٹے سے ملک میں ایک نسل اپنے مستقبل سے محروم ہوسکتی ہے۔
یونیسیف کے ڈپٹی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برائے انسانی ہمدردی کی کارروائی ٹیڈ چائیبان نے کہا کہ “یہ جنگ تین ہفتے پرانی ہے، لیکن اس نے بہت بڑی تعداد میں بچوں کو متاثر کیا ہے”۔اقوام متحدہ کی یہ انتباہات اس وقت سامنے آئی ہیں جب اسرائیل نے گذشتہ ستمبر سے حزب اللہ کے خلاف اپنی مہم میں تیز کردی ہے۔ بہت سے علاقوں پر پرتشدد فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔ اس نے جنگ کا دائرہ بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ سے جنوب میں وادی بقاع ،شمالی لبنان اور مشرقی لبنان تک بڑھا دیا ہے۔ان حملوں میں اب تک 1300 سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.