International

ایس سی او کانفرنس: چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے

39views

سی پیک پر پیشرفت اور باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا

اسلام آباد، 14 اکتوبر (یو این آئی) چین کے وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔ڈان نیوز کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال ودیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔اس موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ پاکستان پر خوشی ہوئی، جہاز سے اترا تو مجھے گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا، ایس سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔انہوں نے پاکستان حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کا ہر موقع پر ساتھ دینے والا آہنی بھائی ہے، پاکستان چین کا ہر موسم کا دوست، اسٹریٹیجک پارٹنر ہے، پاکستان ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وزیراعظم کی آمد پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم لی چیانگ کا اسلام آباد میں استقبال کرکے بے حد خوشی ہوئی، اپنے بھائی لی چیانگ کے تاریخی دورے کی تعمیری نتائج کا یقین ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم کرے گا، دونوں ملکوں کی آزمودہ شراکت داری، علاقائی استحکام، خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے، سی پیک پر پیشرفت کے ساتھ باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران چینی وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.