
ڈھاکہ، 6 اکتوبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کے شیر پور ضلع میں جاری بارشوں کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے کم از کم سات لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کئی لوگ لاپتہ ہیں۔یہ اطلاع میڈیا رپورٹس میں دی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے فوج کو بلانا پڑا۔مقامی اخبار ‘ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق اب تک سیلاب کے باعث 28 یونینوں اور شیرپور کے پانچ اُپ اضلاع یا سب ڈویژنوں میں پھیلے 200 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، جس سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ضلع کی کئی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور نئے علاقے زیرآب آرہے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فصلوں اور زراعت کو کافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی)، رضاکار گروپ اور مقامی حکام سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کی فوج بھی ہفتے کی صبح سے امدادی کارروائیوں میں شامل ہو گئی۔ شیرپور صدر اور نوکلا اپ اضلاع میں مزید چھ یونینیں ہفتہ کو سیلاب کی زد میں آگئیں۔ شیرپور کی موہرشی، سومیشوری، چیلاکھلی، بھوگئی اور میرگی ندیاں خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی ہیں، جس سے ضلع میں سیلاب کی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔
