National

نیپال میں سیلاب سے بھاری تباہی، اب تک 112 افراد ہلاک، سو سے زائد لاپتہ

25views
کاٹھمنڈو، 29 ستمبر (ہ س)۔ نیپال میں گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے اب تک 112 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سو سے زائد افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔سب سے زیادہ تباہی دارالحکومت کاٹھمنڈو اور آس پاس کے علاقوں میں دیکھی جا رہی ہے۔ کاٹھمنڈو کا بیشتر حصہ زیر آب ہے۔ جان و مال کا سب سے زیادہ نقصان یہاں دیکھا گیا ہے۔ کاٹھمنڈو کا دیگر آس پاس کے اضلاع سے سڑک رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث کاٹھمنڈو سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں۔ بارش کے باعث بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی درہم برہم ہے۔نیپال میں 323 ملی میٹر ریکارڈ بارش کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 100 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اب تک 100 سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع وزارت داخلہ کی طرف سے دی گئی ہے۔پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملک کی 48 شاہراہیں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں۔ کھٹمنڈو کو ملانے والی تمام شاہراہیں اور دیگر سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہیں۔ ملک کے کئی اضلاع کا کاٹھمنڈو سے کسی بھی ذریعے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ جمعہ کی شام سے ہی کئی مسافر بسیں مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں۔ کچھ مسافر بسوں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے مسافروں کی جان گئی ہے۔ ہفتہ کی شام ایسی دو بسوں کا پتہ چلنے کے بعد ان سے 14 لاشیں برآمد کی گئیں۔مسلسل بارش کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں۔ کھٹمنڈو ایئرپورٹ سے اندرونی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خراب موسم اور کم بصارت کی وجہ سے ہفتہ کو زیادہ تر بین الاقوامی ایئر لائنز کو بھارت کی طرف ڈائیورٹ کیا گیا تھا۔ گورکھا سے دو روز قبل کاٹھمنڈو کے لیے روانہ ہونے والی دونوں بسوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں 15 بڑے پل گر گئے ہیں۔ ان میں نیپال اور چین کو ملانے والے دو بیلی برج بھی شامل ہیں۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.