National

جموں وکشمیر میں معلق اسمبلی کی کوئی گنجائش نہیں: عمر عبداللہ

51views

سری نگر، 22 ستمبر (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں معلق اسمبلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم بی جے پی ایسا چاہے گی تاکہ ان کو یہاں گورنر راج کو مزید بڑھانے کا موقع مل سکے۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز جھیل ڈل میں شکاروں پر ایک انتخابی ریلی کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا: ’جموں و کشمیر میں معلق اسمبلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے،ہم کانگریس کے ساتھ ما قبل الیکشن بھی الائنس کر سکتے تھے لیکن ہم نے پہلے الائنس کیا تاکہ ایسا نہ ہوسکے‘۔ان کا کہنا تھا: ’بی جے پی جموں وکشمیر میں معلق اسمبلی چاہتی ہے تاکہ ان کو بہانہ ملے کہ گورنر راج مزید بڑھ سکے لیکن جموں وکشمیر کے لوگ اس بات کی اجازت نہیں دیں گے‘۔راہل گاندھی کے دورے کے بارے میں عمر عبداللہ نے کہا: ’اچھی بات ہے کہ راہل گاندھی یہاں آرہے ہیں ان کو مقابلہ کرنا ہوگا بی جے پی کے ان مرکزی لیڈروں کا جو یہاں بڑے پیمانے پر مہم چلا رہے ہیں‘۔انہوں نے کہا: ’میں چاہوں گا کہ وہ یہاں دو چار بار آکر اپنے کیڈر کو مضبوط بنائیں‘۔پی ڈی پی کے منتظر محی الدین کے ان کو سپورٹ فراہم کرنے پر ان کا کہنا تھا: ’منتظر محی الدین صاحب نے اپنی پارٹی کے حکم کے خلاف مجھے بڈگام سیٹ پرسپورٹ کیا ہے جبکہ اپنی پارٹی نے پی ڈی پی کے امید وار کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے ‘۔انہوں نے کہا: ’اس کے لئے میں منتظر محی الدین صاحب کا شکر گذار ہوں‘۔بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے موصوف صدر نے کہا: ’بی جے پی کو مرکز میں کوئی ایسا قابل مسلمان نہیں ملا جس کو وہ وزیر بناتے‘۔انہوں نے کہا: ’بی جے پی کو جموں وکشمیر کو دینے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ وہ صرف تین خاندانوں کو نشانہ بناتے ہیں‘۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.