National

گجرات :افتتاح سے پہلے’ وندے میٹرو ‘ ٹرین کا نام تبدیل

79views

’نمو ‘بھارت ریپڈ ریل نام دیاگیا

بھج (گجرات) 16 ستمبر (یواین آئی) ریلوے نے مختصر اور درمیانہ فاصلے کا سفر کم ازکم وقت میں مکمل کرنے والی نو تعمیر شدہ ایئر کنڈیشنڈ وندے میٹرو ٹرین کا نام افتتاح سے چند گھنٹے پہلے تبدیل کردیا اوراسے ’نمو بھارت ریپڈ ریل‘ کا نیا نام دیاگیا ہے۔پیر کو حکومت نے اس ٹرین کا نام تبدیل کرنے کی اطلاع دی۔ اس کے ساتھ ہی میرٹھ اور دہلی کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ٹرین کو بھی 'نمو بھارت ریپڈ ریل‘ کا نام دیا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی سوموار کو احمد آباد میں منعقد ایک پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس 'نمو بھارت ریپڈ ریل کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ دو شہروں کے درمیان سفر کے وقت کو کم کرنے والی اس انٹرسٹی ٹرین سیٹ سے مقامی سطح پر لوگوں کے سفر کے تجربے میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔نمو بھارت ریپڈ ریل گجرات میں بھج اور احمد آباد کے درمیان (359 کلو میٹر) چلے گی اور گاندھی دھام، انجار، بھاچاؤ، دھرآندھرا، سامکھیالی، ہلواڑ، ویرمگام، چاندلوڈیا اور سابرمتی اسٹیشنوں کو جوڑے گی۔ سہولیات کے مقابلے اس کے کرایے کے نرخ سستے رکھے گئے ہیں۔ احمد آباد -بھج- احمد آباد 94802/94801  نمو بھارت ریپڈ ریل کا دونوں اسٹیشنوں کے درمیان سفری کرایہ 455 روپے ہوگا۔ ٹرین 359 کلومیٹر کا فاصلہ پانچ گھنٹے 45 منٹ میں طے کرے گی۔ گاڑی کی اوسط رفتار 62.43 سے 62.49 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ ٹرین ہفتے میں چھ دن چلے گی۔ ٹرین ہفتہ کو احمد آباد سے اتوار کو بھج سے نہیں چلے گی۔سروس کے دنوں میں، یہ ٹرین صبح 5.05 بجے بھج سے روانہ ہوگی اور صبح 10.40 بجے احمد آباد پہنچے گی۔ جب کہ واپسی میں یہ ٹرین احمد آباد سے 17.30 بجے روانہ ہوگی اور 23.10 بجے بھج واپس آئے گی۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.