Jharkhand

جے ڈی یو کی ریاستی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ پرانی اسمبلی میں منعقد

21views

اتحاد سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے، بات چیت جاری ہے: سنجے جھا

رانچی: جے ڈی یو کی ریاستی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ پرانی اسمبلی میں واقع ایم ایل اے کلب کے احاطے میں ہوئی۔ جے ڈی یو کے قومی ورکنگ صدر سنجے جھا میٹنگ میں شرکت کے لیے صبح 9.30 بجے رانچی پہنچے۔ ریاستی صدر کھیرو مہتو، ریاستی انچارج ڈاکٹر اشوک چودھری، شریک انچارج منوج یادو، جے ڈی یو لیڈر مدھوکر سنگھ، ساگر کمار اور سشیل سنگھ سمیت ہزاروں کارکنوں نے ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سنجے جھا نے بطور مہمان خصوصی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ میٹنگ کی صدارت ریاستی صدر و ایم پی کھیرو مہتو نے کی اور نظامت جنرل سکریٹری شرون کمار نے کی۔ میٹنگ میںمہمان خصوصی کی طور پر جے ڈی یو کے ریاستی انچارج اور وزیر ڈاکٹر اشوک چودھری، وزیر شرون کمار، جے ڈی یو کے شریک انچارج اور قانون ساز کونسل کے رکن وجے سنگھ، شریک انچارج اور بیلہار کے ایم ایل اے منوج یادو،ایم ایل اے سریو رائے، سابق وزیر سدھا چودھری، سابق ایم ایل اے کامیشور داس موجود تھے۔ ریاستی جے ڈی یو کی جانب سے قائدین کا 51 کیلو گرام وزنی ہار پہنا کر استقبال کیا گیا اور انہیں شال اور گلدستے دے کر بھی نوازا گیا۔ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں جے ڈی یو کے ریاستی افسر، ضلع صدر اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔ ورکنگ صدر سنجے جھا نے کہا کہ جے ڈی یو کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ نتیش کمار چاہتے ہیں کہ جھارکھنڈ میں پارٹی دوبارہ کھڑی ہو۔ بہار کے بعد جھارکھنڈ میں پارٹی کے سب سے زیادہ امکانات ہیں۔ جھارکھنڈ میں جے ڈی یو کا بڑا ٹھکانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کا مرکزی حکومت میں اہم رول ہے۔ انہوں نے ریاستی صدر کو ایک ماہ کے اندر اندر مختلف اسمبلیوں میں ورکرس کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ عوام سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ریاست میں این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔ سریو رائے ایک پرانے لیڈر ہیں اور ان کی آمد سے قومی سطح پر اچھا پیغام گیا ہے۔ ریاستی انچارج ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہا کہ کھیرو مہتو نے تنظیم کو مضبوط کیا ہے، اور اسے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے کھیرو مہتو کو راجیہ سبھا بھیج کر جھارکھنڈ سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد میں جائیں گے، پارٹی کے پاس جھارکھنڈ میں کافی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہر ڈویژن میں بڑی ورکرز کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ہم پیچھے کھڑے ہیں، آپ لوگ آگے بڑھیں۔ وزیر شرون کمار نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ تمام پرانے دوست پارٹی کے ساتھ ہیں۔ سریو رائے اور کھیرو مہتو کی جوڑی جھارکھنڈ میں پارٹی کو مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کے کارکن کبھی مایوس نہیں ہوتے، پارٹی پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔ ریاستی صدر کھیرو مہتو نے کہا کہ پارٹی نے لوک سبھا میں اے این ڈی اے کے ساتھیوں کی حمایت کی اور اب اسمبلی میں بہتر تال میل ہونا چاہئے۔ ایم ایل اے سریو رائے نے کہا کہ جھارکھنڈ میں جے ڈی یو کی تنظیم مضبوط ہے، کسی کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مجھے جو بھی ذمہ داری دے گی میں اسے پورا کروں گا۔ شریک انچارج وجے سنگھ نے کہا کہ جہاں بھی ریاستی جے ڈی یو تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے ہماری ضرورت محسوس کرے گی ہم حاضر ہوں گے۔ شریک انچارج منوج یادو نے کہا کہ اس بار پارٹی انتخابات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔اس موقع پر میٹنگ میں آفتاب جمیل، رینو گوپی ناتھ، سنجے سنگھ، اوپیندر سنگھ، دیپ نارائن سنگھ، نرمل سنگھ، پنٹو سنگھ، اکھلیش رائے، آشا شرما، دشینت پٹیل، برہمدیو پرساد، سنتوش سونی، سریو گوپ، رام سوروپ یادو، بگا منج، انجلی شرما، پردیپ مہتو، رام پرساد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.