National

دہلی میں ’پانی کی قلت‘ کے خلاف مٹکا پھوڑ احتجاج، سبھی 280 بلاکوں میں کانگریس نے کیا مظاہرہ

173views

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی ایما پر دہلی میں پانی کی قلت اور آلودہ پانی کے خلاف 280 بلاکوں میں مٹکا پھوڑ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اسی ضمن میں سیلم پور اسمبلی حلقہ کے چاروں بلاکوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے بڑی تعداد میں مٹکے پھوڑے۔

گوتم پوری وارڈ کے سینئر کانگریسی لیڈر راجیندر پردھان نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ امبیڈکر چوک عثمان پور میں سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد کی قیادت میں پانی بحران کو لے کر زبردست احتجاج درج کیا۔ اسی طرح موجپور بلاک میں کانگریس کمیٹی کے صدر انل شرما نے سبزی منڈی کے تراہا پر دہلی حکومت سے صاف پانی دینے کا مطالبہ کر ’مٹکا پھوڑ‘ احتجاج کیا۔ چوہان بانگر وارڈ کے صدر سرتاج احمد نے بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد اور چودھری متین احمد کی موجودگی میں برہمپوری روڈ پر مٹکے پھوڑ کر اپنے غصہ کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں سیلم پور بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر ریاض الدین راجو نے شیٹ مارکیٹ میں پانی بحران کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ احتجاج میں کثیر تعداد میں سیلم پور اسمبلی حلقہ کے کارکنان و عام لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر کانگریس کے قد آور لیڈر چوھری متین احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت میں دہلی کے لوگ بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں اور عام آدمی پارٹی و بی جے پی آپسی الزام تراشی میں مصروف ہیں، جس کا خمیازہ دہلی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی ملک کی راجدھانی ہے۔ شدید گرمی میں جب یہاں لوگ پانی کو ترس رہے ہیں تو دوسری ریاستوں کا حال کیا ہوگا۔ موجودہ سرکاریں پہلے سے حکمت عملی تیار نہیں کرتیں جس کے سبب بحران پیدا ہوتا ہے۔

کانگریس لیڈر چودھری متین نے کہا کہ سابق وزیر اعلی آنجہانی شیلا دیکشت نے جس دہلی کو اپنی سخت محنت و لگن سے بہترین شہر بنایا تھا، آج اسی دہلی میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ تاہم موجودہ حکومت راجدھانی میں کچھ نیا تو نہیں کر پائیں، لیکن شیلا جی نے جو کام کیا ہے اس کا رکھ رکھاؤ کرنے میں بھی پوری طرح ناکام ثابت ہو چکی ہیں۔

بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی صدر چودھری زبیر احمد نے کہا کہ اس مرتبہ دہلی کی گرمی نے اپنے پچھلے سارے رکارڈ توڑ دیے ہیں، ساتھ ہی پانی کی قلت کی وجہ سے لوگوں کی عام زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ جب پانی کا ٹینکر آتا ہے تو لوگ دوڑنے لگتے ہیں، جبکہ دہلی حکومت نے گھر گھر پانی پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔ آج پانی کی کمی موجودہ حکومتوں کی قلعی کھول رہی ہے۔

ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید نے اس موقع پر کہا کہ جس دہلی کی مثالیں دی جاتی تھیں، آج وہ پانی کو ترس رہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو بلند آواز سے اٹھایا ہے اور برسر اقتدار حکومتوں کو اس کا حل بھی بتایا ہے۔ آج پانی کی قلت کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں اور دہلی حکومت خواب خرگوش میں مبتلا ہے۔

اس ’مٹکا پھوڑ‘ احتجاجی مظاہرہ میں مذکورہ بالا افراد کے علاوہ جن اہم شخصیات کی شرکت دیکھنے کو ملی، ان میں راجیندر پردھان، انل شرما، ونود شرما، سرتاج احمد، ریاض الدین راجو، کے ایس کمل، پرشورام راوت، وجے پاٹھک، نوشاد عالم، نوین شرما، نور احمد، افسر خان، شمیم خان، مقصود جمال، علاؤ الدین انصاری، جرار احمد، نوید راؤ، یوسف صدیقی، جمیل ملک، شاداب حسن، ونود پردھان، خورشید بھاٹی، مقبول بیگ، محبوب ادریسی، حاجی جمیل، ضیا الدین، مقیم انصاری، محمد توحید، حامد بھائی، سید انصار وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.