National

این ڈی اے کی حکومت غلطی سے بن گئی، یہ کبھی بھی گر سکتی ہے: ملکارجن کھڑگے

178views

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’این ڈی اے حکومت غلطی سے بنی ہے، پی ایم مودی کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے۔ یہ اقلیت والی حکومت ہے جو کبھی بھی گر سکتی ہے۔‘‘ یہ بیان کانگریس صدر نے میڈیا اہلکاروں سے بات چیت کے دوران دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہم تو یہی کہیں گے کہ حکومت ٹھیک طرح چلے، لیکن پی ایم مودی کی عادت ہے کہ جو چیز ٹھیک سے چلتی ہے اسے چلنے نہیں دیتے۔ پھر بھی ہم اپنی طرف سے ملک کو مضبوط کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب 2024 میں بی جے پی کو 240 سیٹوں پر ہی جیت مل سکی۔ اس وجہ سے این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کی مدد لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت تشکیل دی گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈران انتخابی نتیجہ کو پی ایم مودی کی اخلاقی شکست قرار دے رہے ہیں اور کچھ لیڈران نے تو یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ انھیں وزیر اعظم عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے بھی آج اس تعلق سے ایک بیان دیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے درمیان صرف 30 سیٹوں کا فرق ہے۔ میں اس مینڈیٹ کو اس طرح دیکھتا ہوں کہ لوگوں نے بی جے پی کو اخلاقی طور سے ہرا دیا ہے، خاص طور سے وزیر اعظم مودی کو، جو خود وارانسی میں کئی مراحل میں پیچھے رہ گئے تھے۔ وہ جیت تو گئے، لیکن یہ جیت اتنی اطمینان بخش نہیں تھی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ جنتا دل یو اور ٹی ڈی پی اس حکومت کے دو اہم ستون ہیں۔ پی ایم مودی نے انتخابات کے دوران کانگریس کے انتخابی منشور سے متعلق جھوٹ باتیں پھیلائیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ ٹی ڈی پی کا انتخابی منشور پڑھیں گے۔ حکومت بنے ابھی زیادہ وقت نہیں ہوا ہے اور جنتا دل یو نے اگنی ویر منصوبہ کے تجزیہ کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.