دہلی میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت کی ہنگامی میٹنگ، ٹینکروں سے پانی سپلائی کا حکم
قومی راجدھانی دہلی میں گرمی کے ساتھ ہی پانی کا بحران بھی شدید ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید گرمی کے درمیان اب کئی علاقوں میں پانی کی زبردست قلت پیدا ہو گئی ہے۔ پانی کی اس قلت کے پیشِ نظر دہلی جل بورڈ نے لوگوں کی مانگ پر ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع کر دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق چانکیہ پوری کے سنجے کیمپ میں لوگوں کو ٹینکروں سے پانی بھرنے کے لیے فٹ پاتھ پر لائن میں کھڑے دیکھا گیا۔ جیسے ہی این ڈی ایم سی ٹینکر وہاں پہنچا، لوگ پائپ لے کر اس کی طرف بھاگے اور کچھ لوگ بالٹی بھرنے کے لیے ٹینکر کے اوپر چڑھ گئے۔ پانی کے بحران کے پیش نظر دہلی حکومت نے کئی ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا ہے جس میں کار واش اور تعمیراتی مقامات پر پینے کے پانی کے استعمال پر پابندی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ دہلی حکومت نے دہلی جل بورڈ کو پانی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
دہلی کی آبی وسائل کی وزیر آتشی سنگھ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کی قلت کے پیشِ نظر پانی کو کفایت اور سمجھداری کے ساتھ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایک ہنگامی صورتحال میں ہیں۔ یہ صورتحال گرمی اور ہریانہ کے ذریعے دہلی کے حصے کا پانی نہیں چھوڑ نے کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ دہلی حکومت نے گرمی سے سے پیدا ہونے والے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایک ہنگامی میٹنگ بھی کی ہے۔ دارالحکومت کو غیر معمولی گرمی کی وجہ سے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہے۔
واضح رہے کہ دہلی کے جن علاقوں میں پانی کا بحران ہے ان میں چانکیہ پوری، روہنی، بیگم پور، وسنت کنج، اندر انکلیو، روہنی سیکٹر-24 میں واقع 8، 16، 12، 11 اور 18، بیگم وہار، بیگم پور گاؤں، راجیو نگر، کیلاش وہار، سلطان پوری، منگول پوری، جہانگیر پوری، نیو ماڈرن شاہدرہ، نیو اشوک نگر، چِلاّ گاوں، وکاس نگر، وسطی دہلی کے سرائے روہیلا، مانک پورہ، ڈولی والان، پربھات روڈ، رئےگر پورہ، بیڈن پورہ، دیو نگر، باپا نگر، نائی والان، بلجیت نگر، رنجیت نگر، جنوبی پٹیل نگر اور مشرقی پٹیل نگر میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔اس کے علاوہ اوکھلا کے فیز 2 میں سنجے کالونی، سنگم وہار اور دیولی میں پانی کی سپلائی باقاعدگی سے نہیں ہو رہی ہے۔ بیرونی دہلی کے نجف گڑھ، مہیپال پور، دوارکا، ککرولا، اتر نگر وغیرہ جیسے علاقوں میں رات 3 بجے پانی کی سپلائی کی جاتی ہے۔