National

نکسلیوں سے ملی دھمکی کے بعد ہیم چند مانجھی نے پدم شری ایوارڈ لوٹانے کا کیا اعلان

152views

حکومت کی جانب سے نکسل ازم کی کمر توڑ دیئے جانے کے دعوے کے درمیان یہ خبر اس دعوے پر سوالیہ نشان لگا دیتی ہے کہ ایک پدم شری ایوارڈ یافتہ نے نکسلیوں کے خوف سے اپنا ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پدم شری ایوارڈ یافتہ شخص روایتی طریقوں سے علاج کرنے والے ماہر طبیب ہیم چند مانجھی ہیں، جنہوں نے کہا ہے کہ نکسلیوں کی دھمکی کی وجہ سے وہ اپنا ایوارڈ واپس کر دیں گے۔

نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نکسلیوں نے اتوار (26 مئی) کی رات نارائن پور ضلع کے چمیلی اور گوردنڈ گاؤں میں دو زیر تعمیر موبائل ٹاوروں میں آگ لگا دی۔ اس کے ساتھ ہی نکسلیوں نے وہاں مانجھی کو دھمکی دینے والے بینر لگائے اور کچھ پمفلٹ بھی پھینکے جن میں ہیم چند مانجھی کی پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والی تصویر چھپی تھی۔ نکسلیوں کا الزام ہے کہ مانجھی نے نارائن پور کے چھوٹے ڈونگر علاقے میں آمدائی ویلی آئرن اوریر پروجیکٹ شروع کرنے میں مدد کی اور اس کے لیے رشوت بھی لی۔ نکسلیوں کے ذریعے اس سے قبل بھی مانجھی پر اس طرح کے الزامات لگاتے ہوئے دھمکی دی گئی تھی۔ جبکہ دوسری جانب مانجھی نے اپنے اوپر لگے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

نکسلیوں کی جانب سے دی گئی اس دھمکی کے بعد ہیم چند نے کہا ہے کہ اپنے اہلِ خانہ سے بات کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنا روایتی طبی کام بھی چھوڑ دیں گے۔ مانجھی نے کہا کہ میں پدم شری ایوارڈ واپس کر دوں گا۔ اس سے پہلے نکسلیوں نے میری بھانجی کومل مانجھی پر جھوٹے الزامات لگا کر قتل کر دیا تھا۔ میں اور میرا خاندان خوف کے سائے میں رہ رہے ہیں۔ کومل مانجھی کو 9 دسمبر 2023 کو چھتیس گڑھ کے چھوٹے ڈونگر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ مقامی پولیس کے ذریعے فی الحال ہیم چند مانجھی کے اہل خانہ کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔

ہیم چند مانجھی پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بَستر سمیت پورے چھتیس گڑھ کے دیہاتیوں کو قدرتی اور سستا علاج فراہم کر رہے ہیں۔ ابوجھماڈ کے معروف طبیب ہیم چند مانجھی کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پدم شری ایوارڈ سے نوازا تھا۔ نارائن پور کے چھوٹے ڈونگر میں پیدا ہوئے ہیم چند مانجھی اس وقت سے لوگوں کا علاج کر رہے ہیں جب اس علاقے میں ہیلتھ سے متعلق سہولیات نہیں تھیں۔ اپنے علم اور خدمت کے جذبے سے انہوں نے لوگوں کا علاج شروع کیا اور گزشتہ پانچ دہائیوں سے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ چھتیس گڑھ سمیت آس پاس کی ریاستوں اور بیرون ملک رہنے والے مریض بھی چھوٹے ڈونگر پہنچ کر ان سے علاج کرواتے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.